پاکستان بارکونسل کا وزیراعظم کے مستعفی نہ ہونے پر ہڑتال کا اعلان

بار کونسل کا وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیرخزانہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ


ویب ڈیسک July 18, 2017
پاکستان بار کونسل کا وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیرخزانہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پاکستان بارکونسل نے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے استعفیٰ نہ دینے پر ملک گیر ہڑتال کی اور آج ملک بھر کی عدالتوں وکلا پیش نہیں ہوئے۔



بارکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈاراوروزیراعلی پنجاب شہبازشریف استعفی دیں کیونکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ نے ان رہنمائوں کو بے نقاب کردیا ہے۔ بار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف اوراسحاق ڈارنے شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ میں کردار ادا کیا جب کہ چیئرمین نیب نے پہلے ہی حدیبیہ پیپرملزکیس کی تحقیقات سے انکا رکردیا تھا۔

بارایسوسی ایشن نے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے اپنائی گئی پالیسی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت اس کا نوٹس لے اور پاناما کیس کو جلد نمٹایا جائے۔ سپریم کورٹ بار نے ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز سے اپیل کی کہ وہ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے کی جانے والی ہڑتال میں بھر پور حصہ لیں تاکہ قوم کا مستقبل بہتر بنایاجاسکے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسو سی ایشن نے بھی پاکستان بار کونسل کی کال پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں مکمل ہڑتال کی اور دن بھر کوئی بھی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا جب کہ سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار ارباب عالم عباسی نے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور وزیر اعظم نواز شریف سے استعفی کے مطالبے کی پر زور حمایت کی ہے۔

مقبول خبریں