وزیرداخلہ چوہدری نثارکے استعفیٰ دینے کی خبر بے بنیاد ہے، وزارت داخلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جولائی 2017
چوہدری نثار سے منسوب کر کے غیر تصدیق شدہ خبریں چلائی گئیں، وزیر مملکت مریم اورنگزیب۔ فوٹو: فائل

چوہدری نثار سے منسوب کر کے غیر تصدیق شدہ خبریں چلائی گئیں، وزیر مملکت مریم اورنگزیب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزارت داخلہ نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے وزارت چھوڑنے کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش تھیں کہ وزیر داخلہ چوہدری نثاراعلیٰ سطحی پارٹی اجلاسوں میں اپنے اوپر ہونے والی تنقید سے نالاں ہو کر وزارت  سے استعفیٰ دے رہے ہیں لیکن وزارت داخلہ نے اس حوالے سے چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بغیر کسی ذرائع سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں غلط ہیں اور میڈیا سے درخواست ہے کہ اس قسم کی افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: چوہدری نثار اتوارکو شام 5 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹو دی پوائنٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار سے منسوب کر کے پہلے بھی غیر تصدیق شدہ خبریں چلائی گئیں اور ان کی جانب سے وزارت چھوڑنے سے متعلق خبر میں بھی کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حوالے سے اس قسم کی بے بنیاد خبریں چلانا انتہائی غیر سنجیدہ عمل ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار پاناما کیس کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے پارٹی کے اہم مشاورتی اجلاسوں میں شریک نہیں ہو رہے اور انہوں نے اتوار شام 5 بجے اہم پریس کانفرنس کااعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔