کے سی سی اے 6 اگست کو تحلیل ہوجائے گی

پی سی بی2 رکنی کمیٹی قائم کرے گا،گورننگ بورڈ بھی اسی دن تک برقرار


Sports Reporter July 29, 2017
کے سی سی کے عبوری چیئرمین کیلیے ایک مرتبہ پھر گلفراز احمد خان کے نام قرعہ نکلنے کا امکان ہے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کے موجودہ گورننگ بورڈ کی مدت 6 اگست کو مکمل ہونے کے ساتھ ہی اسی روز کے سی سی اے بھی تحلیل ہوجائے گی۔

پی سی بی کے موجودہ گورننگ بورڈ کا جمعے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں آخری اجلاس منعقد ہوا، تاہم قانونی اعتبار سے گورننگ بورڈ6 اگست تک برقرار رہے گا اور اس کے ارکان کو اس دن تک آئینی تحفظ حاصل ہوگا۔ اسی روزگورننگ بورڈ کی رکنیت ختم ہونے کے بعد پروفیسراعجاز احمد فاروقی بھی صدرکے سی سی سے کے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ باڈی2 مئی کو اپنی آئینی مدت مکمل کرچکی تھی لیکن کے سی سی اے کے صدر اعجاز فاروقی نے قانون کا دروازہ کھٹکاتے ہوئے گورننگ بورڈ میں اپنی مدت برقرار رکھنے کے استحقاق کی درخواست کردی تھی جس پر فاضل عدالت نے درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے بورڈ کی مدت پوری ہونے تک اعجاز فاروقی کو بورڈ کا رکن برقرار رکھا تھا تاہم گزشتہ روز بورڈ کے 45 ویں اجلاس کے دوران فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈرافٹ سسٹم کی منظوری کے معاملے پر آواز بلند کرتے ہوئے میٹنگ کا بائیکاٹ کرنے والے اعجاز فاروقی بھی دیگر ارکان کی طرح 6 اگست تک بطور گورننگ بورڈ رکن عہدے پر فائز رہیں گے۔

بعد ازاں کے سی سی اے کے تحلیل ہونے پر کراچی کرکٹ کے معاملات چلانے کیلیے پی سی بی کی جانب سے 2 رکنی کیمٹی قائم ہوگی، یہ کمیٹی کے سی سی اے کے امور نمٹانے کے ساتھ 90 روز میں ایسوسی ایشن کے نئے انتخابات کے انعقاد کے بعد اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوجائے گی تاہم کے سی سی کے عبوری چیئرمین کیلیے ایک مرتبہ پھر گلفراز احمد خان کے نام قرعہ نکلنے کا امکان ہے، قبل ازیں ان کی سربراہی میں بدرجعفری مرحوم پرمشتمل 2 رکنی عبوری کمیٹی نے اپنے فرائض انجام دیے تھے۔

واضح رہے کہ اگلی 3 سالہ مدت کیلیے کے سی سی اے کے7 میں سے5 زونز کے عہدیداروں کا بلا مقابلہ انتخاب ہوچکا، ان میں زون 3، 4،5 ،6اور7 زون کے صدر، سیکریٹری اور خازن شامل ہیں، اب زون 1 اور زون 2 کے نئے عہدیداروں کے انتخابات ہونا باقی ہیں، پی سی بی کے الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والے جج (ایڈجوکیٹر) نے26 اگست کو کے سی سی اے زون 2 کے انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ زون 1 کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت11 اگست کو ہوگی۔