ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی کوششیں جاری

پی سی بی عہدیداروں کی پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات، سیکیورٹی پر بات چیت


Sports Reporter August 05, 2017
پی سی بی عہدیداروں کی پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات، سیکیورٹی پر بات چیت فوٹو: فائل

ورلڈ الیون کے دورئہ پاکستان کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں، گزشتہ روز پی سی بی عہدیداروں کی پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوگئی،ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سفرمیں اہم سنگ میل سمجھنے والے اس ٹور کیلیے غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کی ضرورت ہے،آئی سی سی ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک کا بھی مطالبہ ہے کہ صوبائی حکومت کی طرٖف سے سیکیورٹی کی یقین دہانی پر ہی ٹیم بھجوانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

جمعے کو پی سی بی کے عہدیداروں نے وزیر قانون رانا ثنا اللہ سمیت پنجاب کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران ستمبر میں متوقع ٹور کے بارے میں بات چیت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کو فول پروٖف سیکیورٹی فراہم کرنے کیلیے حکومتی اداروں کا رویہ بڑا مثبت رہا ہے،ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ممکنہ شیڈول اور مختلف معاملات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ مارچ 2009میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے پاکستان کے میدان ویران ہیں،صرف 2015میں زمبابوے نے قذافی اسٹیڈیم میں 3ون ڈے اور 2ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے،بعد ازاں پی ایس ایل کا فائنل بھی لاہور میں ہی ہوا،اس دوران سخت سیکیورٹی حصار قائم رکھنے کیلیے پنجاب بھر کی پولیس اور اعلیٰ حکام سرگرم رہے تھے۔اس بار بھی انتظامات کیلیے حکومت اور پی سی بی کو ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا۔