نواز شریف کی ریلی میں پارٹی کی 99 فیصد لیڈرشپ شریک نہیں چوہدری نثار

کبھی نہیں کہا کہ نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور جاؤں گا، سابق وزیرداخلہ


ویب ڈیسک August 10, 2017
میڈیا کے چند حلقے میرے حوالے سے خود ہی خبر بناکر اس پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں، چوہدری نثار- فوٹو: فائل

لاہور: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کبھی نہیں کہا کہ نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور جاؤں گا جب کہ ان کی ریلی میں پارٹی کی 99 فیصد سینیئر لیڈرشپ نہیں ہے لیکن متنازع صرف مجھے ہی کیوں بنایا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوئے تو پنجاب ہاؤس میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان نے انہیں رخصت کیا البتہ اس موقع پر نوازشریف کے قریب سمجھے جانے والے ان کے دیرینہ ساتھی چوہدری نثار کہیں دکھائی نہ دیے اور انہوں نے ریلی میں بھی شرکت نہیں کی جس پر کئی سوالات نے جنم لیا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیرداخلہ کے ترجمان کی جانب سے ایک بیان میں چوہدری نثار کے حوالے سے کہا گیا کہ 'یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ میڈیا کے چند حلقے میرے حوالے سے خود ہی خبر بناکر اس پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں جب کہ میں نے نہ تو کسی کو یہ کہا کہ میں کمر کے درد کی وجہ سے ریلی میں شامل نہیں ہو سکا اور نہ ہی ریلی میں عدم شرکت اس وجہ سے ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ریلی میں مسلم لیگ (ن) کی 99 فیصد سینیئر لیڈرشپ نہیں ہے لیکن صرف مجھے متنازع کیوں بنایا جا رہا ہے جب کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور جاؤں گا مگر کچھ حلقے یہ خبر پورا دن تواتر سے چلاتے رہے ہیں۔

واضح رہے چوہدری نثار کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ وہ ریلی میں نوازشریف کے ہمراہ ہوں گے اور ان کی گاڑی چلائیں گے البتہ ان کی عدم شرکت پر یہ خبر سامنے آئی کہ وہ کمر میں تکلیف کے باعث ریلی میں شریک نہیں ہوئے جس کی انہوں نے تردید کردی۔