الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی فنڈنگ تفصیلات طلب کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا

ویب ڈیسک  منگل 22 اگست 2017
پی ٹی آئی نے اگر 7 ستمبر تک تفصیلات جمع نہ کرائیں تو الیکشن کمیشن قانون کے مطابق فیصلہ سنا دے گا، حکم نامہ: : فوٹو: فائل

پی ٹی آئی نے اگر 7 ستمبر تک تفصیلات جمع نہ کرائیں تو الیکشن کمیشن قانون کے مطابق فیصلہ سنا دے گا، حکم نامہ: : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو آخری موقع دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وہ اپنی پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات 7 ستمبر تک جمع کرادے بصورت دیگر قانون کے مطابق فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے پارٹی فنڈز طلب کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن میں پارٹی فنڈنگ سے متعلق کیس 2014 سے زیر سماعت ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے بھی کیس میں فریق ہونے پر کارروائی روکنے کا کوئی حکم امتناعی نہیں ملا لہذٰا الیکشن کمیشن پارٹی فنڈنگ کی سماعت پر کارروائی نہیں روک سکتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پارٹی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی درخواست مسترد

فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی یکم اپریل 2015 اور یکم دسمبر 2016 کے حکم نامے کے تحت 7 ستمبر تک اکاؤنٹس اور فنڈز کی تفصیلات فراہم کرے اور اگر حکم پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو الیکشن کمیشن قانون کے مطابق فیصلہ سنادے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کا موقف مسترد کردیا

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 16 اگست کو پی ٹی آئی سے پارٹی فنڈز سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں اور پی ٹی آئی کی جانب سے کارروائی روکنے کی درخواست کو بھی مسترد کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔