وفاقی کابینہ کا امریکی پالیسی پرتمام دوست ممالک کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
پاکستان امریکی الزام تراشی کا بھرپورجواب دے، کابینہ ارکان کی رائے۔ فوٹو: فائل

پاکستان امریکی الزام تراشی کا بھرپورجواب دے، کابینہ ارکان کی رائے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تمام دوست ممالک کو امریکی پالیسی سے متعلق اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہےاور اس سلسلے میں وزیراعظم آج سعودی عرب کا دورہ بھی کریں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جنوبی ایشیا سے متعلق نئی امریکی پالیسی پر ڈیڑھ گھنٹہ بحث ہوئی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے امریکی صدر کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف امریکی دورے کے موقع پر ٹرمپ انتطامیہ کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے ارکان نے رائے دی کہ پاکستان امریکی الزام تراشی کا بھرپورجواب دے، پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو پذیرائی ملنی چاہیے جب کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان امریکی پالیسی سے متعلق تمام دوست ممالک کو اعتماد میں لےگا اور وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اوروزیرخزانہ اسحاق ڈار آج سعودی عرب جائیں گے، وزیراعظم نئی امریکی پالیسی سے متعلق پاکستان کے تحفظات پر سعودی قیادت کو اعتماد میں لیں گے۔ کابینہ کےاجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔