امریکا پاکستان کی سالمیت کا احترام کرے، چین کا انتباہ

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اگست 2017

بیجنگ: چین نے ایک بار پھر واضح الفاظ میں امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے پاکستان کے سیکیورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔

چینی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کے بعد چینی حکومت میں امورِ خارجہ سے متعلق اعلیٰ ترین عہدیدار یانگ جی چی نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو ٹیلی فون کرکے واضح کیا کہ امریکا کو نہ صرف پاکستان کے سیکیورٹی خدشات اور سالمیت کا احترام کرنا چاہیے بلکہ افغانستان میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہنا چاہیے جب کہ دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ٹرمپ کی الزام تراشی پرچین پاکستان کی حمایت میں میدان میں آگیا

چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ چین افغانستان میں امن کے قیام کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کوتیار ہے، خطے میں بدلتی ہوئی علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات انتہائی اہم ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :  پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، امریکی صدر کا الزام

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان کیلیے امریکی پالیسی میں پاکستان سے متعلق پالیسی بیان کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ پاکستان افراتفری پھیلانے والے افراد کو پناہ دیتا ہے، پاکستان سے نمٹنے کے لیے اپنی سوچ تبدیل کر رہے ہیں جس کے لیے پاکستان کو پہلے اپنی صورتحال تبدیل کرنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔