پاک سرزمین پارٹی نے بھی مردم شماری کے نتائج مسترد کردیے

اسلام آباد میں بیٹھی اشرافیہ صوبوں کو لڑوانا چاہتی ہے، انیس احمد ایڈووکیٹ


ویب ڈیسک August 29, 2017
مردم شماری کے صحیح اعدادوشمارسامنےآنے چاہئیں،انیس ایڈووکیٹ فوٹو: فائل

پاک سرزمین پارٹی نے مردم شماری کے نتائج کو تسلیم نہ کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران پاک سرزمین پارٹی کے رہ نما انیس احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھرمیں لوگ دیہی علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف آرہے ہیں، بلوچستان اور اندرون سندھ سمیت ملک بھر سے لوگ کراچی آکر آباد ہورہے ہیں، ایک اندازے کے مطابق کراچی میں ملک کے مختلف علاقوں سے ہر سال 10 سے 15 لاکھ لوگ آتے ہیں، 18 سال پہلے کراچی کو 98 لاکھ افراد کا شہر کہا گیا اور اب تو دنیا بھی کہہ رہی ہے کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ سے زیادہ ہے۔ ہمیں کہیں بھی آبادی بڑھنے سے کوئی اعتراض نہیں لیکن ہمیں کراچی کی آبادی کو کم دکھانا ناانصافی ہے۔

انیس ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہم مردم شماری کے اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہیں، سندھ سے ناانصافی ہوئی تو پاک سرزمین احتجاج کا حق رکھتی ہے، عیدالضحیٰ کے بعد مردم شماری پر تحفظات کے اظہارکے لیے عوام میں جائیں گے، لوگوں میں آگاہی کے لیے ہر پلیٹ فارم استعمال کریں گے، اس سلسلے میں مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔

پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھی اشرافیہ صوبوں کو لڑوانا چاہتی ہے، مردم شماری کے اعداد و شمار سے نفرتیں پیدا ہوں گی، ہم پاکستان مخالف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونےدیں گے، کچھ لوگ مردم شماری کی آڑ لے کر فوج کو نشانہ بنانےکی کوشش کررہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ پاک فوج پر کوئی سوالیہ نشان آئے۔ آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ مردم شماری کے معاملے کو دیکھیں، مردم شماری کےصحیح نتائج عوام کے سامنے لائےجائیں۔

واضح رہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے گزشتہ اجلاس میں مردم شماری کے ابتدائی نتائج پیش کئے گئے تھے جس کے بعد سندھ حکومت اور ایم کیو ایم نے اسے مسترد کردیا تھا۔

مقبول خبریں