ممبئی میں شدید بارش کے باعث عمارت گرنے سے 21 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 31 اگست 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 ممبئی: بھارتی شہر میں شدید بارش کی وجہ سے 117 سالہ قدیم عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے علاقے بھنڈی بازار میں شدید بارش کے باعث 5 منزلہ ’’حسینی بلڈنگ‘‘ منہدم ہونے سے 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ عمارت کے مکینوں کا تعلق بوہری برادری سے ہے۔ امدادی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 25 افراد کو نکال لیا ہے جب کہ 20 سے زائد افراد بدستور ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاقہ گنجان آباد اور تنگ گلیوں کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔

حکام کے مطابق اس 5 منزلہ عمارت میں 2 منزلیں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں جب کہ عمارت بھی کافی پرانی ہونے کی وجہ سے خستہ حالت میں تھی جو تیز بارشوں کی تاب نہ لاتے ہوئے زمیں بوس ہوگئی۔ حکام کے مطابق خستہ حالت میں ہونے کی وجہ سے 2011 میں اس عمارت کو خالی کرنے کے دو نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔

ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقریباً ایک ماہ میں بارشوں کے دوران ممبئی میں عمارت منہدم ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔