عمر اکمل کیخلاف کارروائی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا

انکوائری کمیٹی کا جواب پر اظہارِ عدم اطمینان، دوسرا شوکاز نوٹس جاری کردیا، پی سی بی


Sports Reporter September 01, 2017
مستقبل کا فیصلہ ورلڈ الیون کیخلاف سیریزکی مصروفیات ختم ہونے کے بعد ہوگا، بورڈ۔ فوٹو: فائل

عمر اکمل کیخلاف انضباطی کارروائی کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، انکوائری کمیٹی نے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوسرا شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

عمر اکمل نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مجھ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ سے روک دیا گیا، غیر ملکی کوچنگ اسٹاف نے مجھے ہدف بنا رکھا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے شوکاز نوٹس دیا جس کے جواب میں عمر اکمل اپنے رویے کی وضاحت دینے سے زیادہ اپنے الزامات دہراتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقات کیلیے ایک غیر جانبدار کمیٹی بنائی جائے، اس میں سابق کرکٹرز کے ساتھ کسی سرکاری افسر کو بھی شامل کریں جب کہ کرکٹ بورڈ نے اس معاملے کی چھان بین کیلیے 3رکنی کمیٹی قائم کردی جس میں ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید، ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی اور جی ایم لیگل سلمان نصیر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ارکان نے عمر اکمل کی جانب سے بھجوائے جانے والے خط کا جائزہ لیا ہے، انکوائری کمیٹی نوجوان بیٹسمین کے جواب سے مطمئن نظر نہیں آتی اور ابتدائی سماعت میں انھیں ایک اور شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اس میں ان سے دوبارہ یہی پوچھا جائے گا کہ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ تنازع میڈیا میں کیوں لے کر گئے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی ورلڈ الیون کے ساتھ سیریز کی مصروفیات ختم ہونے کے بعد اس معاملے کو نمٹانا چاہتی ہے۔ عمر اکمل پی سی بی ضابطہ اخلاق کی 3شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کیلیے انھیں10روزکا وقت دیا جائیگا۔