ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

 500 سے8 ہزار قیمت، کاؤنٹرز بنانے کا فیصلہ عید کی تعطیلات کے بعد ہو گا


Sports Reporter September 02, 2017
ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا جائزہ لینے کے بعد شائقین کو براہ راست پبلک کاؤنٹرز سے حاصل کرنے کا موقع دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہوگا۔ فوٹو : فائل

پاکستان اور ورلڈ الیون میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے مابین 3ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کا پہلا میچ 12ستمبر کو کھیلا جائے گا، قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول مقابلوں کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعے کو شروع ہوگئی، جنرل انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت500 روپے رکھی گئی ہے لیکن ویب سائٹ پر پیش نہیں کیے گئے، پریمیئم(حینف محمد،نذر محمد، امتیاز احمد،ظہیر عباس اور انضمام الحق انکلوژرز) کی قیمت 2500 ، فرسٹ کلاس(عبدالحفیظ کاردار،سعید احمد، عبدالقادر، ماجد خان، جاوید میانداد اور رمیز راجہ انکلوژرز) کی 4000 رکھی گئی ہے، وی آئی پی انکلوژرز(عمران خان اور فضل محمود) کا ٹکٹ 6000 جبکہ وی وی آئی پی انکلوژرز (وسیم اکرم اور وقار یونس) کا ٹکٹ 8000 روپے میں حاصل کیا جا سکتا ہے جب کہ آن لائن ٹکٹ ویب سائٹ www.eticketing.pk پر بک کرانے کے بعد کنفرم ہونے پر مختص کاؤنٹرز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کا جائزہ لینے کے بعد شائقین کو براہ راست پبلک کاؤنٹرز سے حاصل کرنے کا موقع دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہوگا۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر بھی بینک یا اسٹورز سے ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہاں شائقین کو سخت مایوسی ہوئی تھی، چند خوش نصیب ہی اپنی مراد پوری کرسکے تھے۔