شمالی کوریا کے ایٹمی دھماکے پر امریکا کی جوابی دھمکی

شمالی کوریا کو دیا جانے والا امریکی جواب مؤثر اور شدید ہوگا، جیمس میٹس


ویب ڈیسک September 04, 2017
امریکی سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم کے تجربے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: فائل)

شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے مبینہ تجربے کے بعد امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا سے امریکہ یا اتحادیوں کو خطرات کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار 3 ستمبر 2017 کے روز علی الصبح شمالی کوریا نے مبینہ طور پر ہائیڈروجن کا تجرباتی دھماکا کیا جس سے گرد و نواح میں 6.3 شدت کا زلزلہ محسوس کیا۔ شمالی کوریا کی جانب سے اس بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے یہ تجربہ ایک ایسے ہائیڈروجن بم کا تھا جو ایک ایٹم بم سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے۔ غالباً اس بیان میں ''میگا ٹن بم'' کی طرف اشارہ کیا گیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں امریکی وزیر دفاع جیمس میٹس نے مزید کہا کہ امریکہ یا اس کے کسی بھی علاقے بشمول گوام یا اتحادیوں کو کسی بھی خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا اور یہ جواب بااثر اور شدید ہوگا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج ہنگامی اجلاس میں شمالی کوریا کے ہائیڈروجن بم تجربے پر عالمی ردعمل کے حوالے سے بحث کرے گی۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ ایسے ہر ملک سے تجارت بند کر دے گا جو شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرتا ہے۔

پاکستان کے نامور ایٹمی سائنس داں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایک غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کی ایٹمی ٹیکنالوجی، پاکستان سے بہت بہتر ہے۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے مذکورہ ہائیڈروجن بم دھماکے کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مقبول خبریں