عامر خان کس کی اداکاری سے متاثر؟

ویب ڈیسک  جمعـء 8 ستمبر 2017
سیکرٹ سپر اسٹار رواں سال دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فوٹو: فائل

سیکرٹ سپر اسٹار رواں سال دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فوٹو: فائل

ویسے تو بالی ووڈ سمیت پوری دنیا ہی عامر خان کی اداکاری کی مداح ہے لیکن مسٹر پرفیکشنسٹ ’دنگل‘ کی اسٹار زائرہ وسیم کی اداکاری سے متاثر ہیں۔

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے آج تک جتنے بھی کردار ادا کیے اپنی شاندار اداکاری سے ان میں جان ڈال دی، عامر خان خود کو فلم کے سین کے اعتبار سے کردار میں ڈھلنا خوب جانتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کی ایک الگ ہی پہچان ہے اور ہر چھوٹا بڑا ادکار عامر خان کے ساتھ کام کرکے فخر محسوس کرتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کسی چیز میں جس قسم کی پرفیکشن تلاش کرتے ہیں، بہت مشکل سے ہی انہیں اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہوتی ہے لیکن فلم ’دنگل‘ سے اپنے بالی ووڈ کرئیر کا آغاز کرنے والی ادکارہ زائرہ وسیم نے عامر خان کو اس طرح متاثر کیا کہ ’دنگل‘ کے بعد انہوں نے زائرہ کو اپنی دوسری فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ میں بھی اہم کردار دیا اور اب انہوں نے اداکارہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں ؛’’دنگل‘‘ کی گیتا کو حقیقت میں پہچاننا بہت مشکل

رپورٹس کے مطابق ایک انٹریو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ زائرہ وسیم کا موسیقی سے کوئی تعلق نہیں جیسے اس کا ریسلنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا مگر اداکارہ نے فلم کیلیے ٹریننگ حاصل کی اور ویسے ہی موسیقی پر عبور حاصل کرنے کے لیے گٹار بجانا سیکھا، جو ایک بہت بڑا کام ہے جب کہ ادکارہ نے پروفیشنل سنگر کے ساتھ بھی بہت وقت گزارا تاکہ وہ موسیقی کو مکمل طور پر سیکھ سکے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: دنگل کی ننھی اداکارہ کی والدہ کی پاکستان سے محبت جرم بن گئی

واضح رہے ’’سیکرٹ سپر اسٹار‘‘ رواں سال دیوالی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی جس میں عامر خان کے ساتھ ان کی کامیاب ترین فلم ’دنگل‘ میں ادکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ زائرہ وسیم بھی اہم کردار میں دکھائی دیں گی جب کہ فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی پر مبنی ہے جو اپنے والد کی مخالفت کے باوجود بڑی گلوکارہ بننا چاہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔