پی سی بی کی ایوارڈز تقریب ’’ہائی جیک‘‘ ہوگئی

نشریاتی حقوق ایک نجی چینل کو فروخت، دیگر میڈیا کوریج سے محروم رہ گیا


Sports Reporter/Abbas Raza September 15, 2017
مخصوص طبقے کو دعوت نامے جاری،صحافیوں کو پریس ریلیز تک نہ بھجوائی۔ فوٹو: فائل

PARACHINAR: طویل انتظار کے بعد ہونے والی پی سی بی کی ایوارڈز تقریب ''ہائی جیک'' ہوگئی۔

پی سی بی ایوارڈز تقریب کا ایک مدت سے انتظار کیا جارہا تھا، اطلاعات تھیں کہ اس موقع پر نمایاںکارکردگی دکھانے والے قومی کرکٹرز کے ساتھ ریٹائر ہونے والے سابق کپتانوں یونس خان،مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو بھی فیئرویل دی جائے گی، بالآخر تقریب کا انعقاد ورلڈ الیون کی سیریز کے دوران انٹرنیشنل کرکٹرز اور آئی سی سی کے نمائندوں کی موجودگی میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا،چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا دعوٰی تھا کہ تینوں سینئر کرکٹرز بھی فیئرویل کیلیے موجود ہونگے لیکن یونس خان اور شاہد آفریدی نے شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا، صرف مصباح الحق اپنی اہلیہ کے ہمراہ آئے۔

تقریب کے نشریاتی حقوق اس چینل کو دیے گئے جس کے ساتھ نجم سیٹھی وابستہ رہے ہیں، گزشتہ روز سجائے جانے والے میلے کا شیڈول میڈیا کے نمائندوں کیلیے معمہ بنا رہا، پی سی بی کی جانب سے کوئی تفصیل جاری کی گئی نہ ہی وقت سے آگاہ کیا گیا، صرف نشریاتی حقوق رکھنے والے چینل کے پروگرام کی تھوڑی بہت تفصیل کے ساتھ خبریں چلائیں۔

بیشتر صحافیوں کا کہنا تھا کہ انھیں کوئی اطلاع یا دعوت نامہ ارسال نہیں کیا گیا۔