وزیراعلیٰ سندھ نے عائشہ باوانی کالج کھولنے کا حکم دے دیا

ویب ڈیسک  پير 18 ستمبر 2017

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے عائشہ باوانی کالج کو فوری کھولنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی صورت بچوں کی تعلیم کا نقصان نہیں ہونا چاہئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  کراچی کی مقامی عدالت نے عائشہ باوانی کالج کی ملکیت کا فیصلہ باوانی خاندان کے حق میں سنایا تھا اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے کالج کو تالے لگا دیئے تھے جس پر محکمہ تعلیم سندھ نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور اپنا مؤقف پیش کیا۔ 2 روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کالج کو فوری کھولنے کا حکم جاری کیا تھا اور پیر سے درس و تدریس کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے فریقین کو 23 ستمبر کو طلب کیا تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ کا کراچی کے عائشہ باوانی کالج کو فوری کھولنے کا حکم

عائشہ باوانی کالج کے طلبہ اور اساتذہ آج جب  کالج پہنچے تو باوانی ٹرسٹ کے نمائندوں نے کالج کو تالے لگا رکھے تھے جس پر اساتذہ اور طالب علموں کا باوانی ٹرسٹ کے گارڈز کے مابین جھگڑا ہوگیا اور ہاتھا پائی بھی ہوئی اور یہ معاملہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا، ایکسپریس نیوز پر خبر نشر ہوتے ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور حکام کو ہدایت جاری کی کہ کسی بھی صورت بچوں کی تعلیم کا نقصان نہیں ہونا چاہئے عائشہ باوانی کالج کو فوری طور پر کھولا جائے اور تدریسی عمل شروع کروا کر مجھے رپورٹ کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔