عالمی پابندیاں نیوکلیئر پروگرام تیز کرنے سے نہیں روک سکتیں، شمالی کوریا

ویب ڈیسک  پير 18 ستمبر 2017
اقوام متحدہ کی نئی پابندیاں ہماری حکومت، نظام اور عوام کو جسمانی طور پر تباہ کرنے کے لیے ہیں۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی نئی پابندیاں ہماری حکومت، نظام اور عوام کو جسمانی طور پر تباہ کرنے کے لیے ہیں۔ فوٹو: فائل

پیانگ یانک: اقوام متحدہ کی جانب سے پابندیوں اور عالمی طاقتوں کے تمام تر دباؤ کے باوجود شمالی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ مزید عالمی پابندیاں اور دباؤ ہمیں نیوکلیئر پروگرام کو تیز کرنے سے نہیں روک سکتیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی نئی پابندیوں کو ظالمانہ، غیر اخلاقی اور غیر انسانی عمل قرار دیا۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ان کی جاگیردارانہ فوج کی جانب سے ہم پر پابندیوں اور دباؤ سے کچھ نہیں ہو گا بلکہ ان ظالمانہ اقدام سے ایٹمی قوت بننے کے ہمارے مقصد میں تیزی اور پختگی آئے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ شمالی کوریا نے ایٹم بم سے طاقتور ہائیڈروجن بم کا تجربہ کرلیا

شمالی کوریا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی نئی پابندیاں ہماری حکومت، نظام اور عوام کو جسمانی طور پر تباہ کرنے کے لیے ہیں۔ دوسری جانب امریکا اور چین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے شمالی کوریا پر مزید دباؤ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ ایٹمی تجربے کی پاداش میں شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی نئی پابندیاں عائد

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے چند روز قبل چھٹا اور اب تک کا سب سے بڑا نیوکلیئر تجربہ کرتے ہوئے جاپان پر میزائل فائر کیا تھا جو جاپان کی سمندری حدود میں گرا تھا تاہم اس سے کسی قسم کا جانی ومالی نقصان نہیں ہوا تھا جب کہ اقوام متحدہ نے اس حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیزی قرار دیا تھا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا پر مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔