بیگم کلثوم نواز تیسری سرجری کے لیے اسپتال پہنچ گئیں

ویب ڈیسک  جمعرات 21 ستمبر 2017
لندن میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ فوٹو : فائل

لندن میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ فوٹو : فائل

 لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز تیسری سرجری کے لیے اسپتال پہنچ گئیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ میری والدہ تیسری سرجری کے لیے اسپتال پہنچ گئی ہیں، آپ سب سے دعاؤں کی اپیل ہے۔

مریم نواز نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کا ہاتھ تھامے انہیں اسپتال لے کر آ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کے گلے میں کینسر کی تشخیص کی تھی۔ کلثوم نواز کے دو آپریشن کیے جا چکے ہیں جو کامیاب رہے اور اب تیسری سرجری کے لیے وہ اسپتال پہنچ چکی ہیں۔

نواز شریف بھی اپنی اہلیہ کی تیمار داری اور عید منانے کے لیے لندن پہنچے تھے اور اب تک وطن واپس نہیں آئے جب کہ سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹے حسن اور حسین نواز بھی لندن میں ہی موجود ہیں۔

نواز شریف کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 لاہور میں 17 ستمبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیگم کلثوم نواز امیدوار تھیں اور ملک میں موجود نہ ہونے کے باوجود وہ کامیاب رہی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔