ایم کیو ایم کو کل اپوزیشن نشستیں الاٹ کردی جائیں گی قائم مقام اسپیکر

اپوزیشن بینچوں کی درخواست دینے والے خود کو حزب اختلاف سمجھیں، قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی


ویب ڈیسک February 27, 2013
قائم مقام گورنر بلدیاتی نظام1979 کی منظوری دے سکتے ہیں تووہ استعفےبھی منظورکرسکتے ہیں، فیصل سبزواری۔ فوٹو: فائل

KARACHI: سندھ اسمبلی کی قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے ارکان کو کل تک اپوزیشن نشستیں الاٹ کردی جائیں گی ۔

سندھ اسمبلی بلڈنگ میں واقع قائم مقام اسپیکر کے چیمبر میں ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے دیگر ارکان کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے عامرپیرزادہ کو قائد حزب اختلاف مقرر کرنے کیلئے درخواست قائم مقام اسپیکر شہلا رضا کو جمع کرادی۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے وزرا کے استعفوں کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا ۔ جس پر شہلا رضا نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اپوزیشن بینچوں کی درخواست دینے والے خود کو حزب اختلاف سمجھیں۔ انہیں کل تک اپوزیشن بینچیں الاٹ کردی جائیں گی ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو ایم نے عامرپیرزادہ کو قائد حزب اختلاف مقرر کرنے کیلئے درخواست دے دی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے درخواست کی ہے کہ ایم کیو ایم کے وزرا کے استعفے منظور ہونے تک دیگر ارکان کو اپوزیشن بینچیں الاٹ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے وزرا کے استعفے تاحال منظور نہیں کئے گئے ہیں لیکن جب قائم مقام گورنر بلدیاتی نظام1979 کی منظوری دے سکتے ہیں تووہ استعفےبھی منظورکرسکتے ہیں۔

واضح رہے اس سے پہلے ایم کیو ایم نے سید سردار احمد کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی درخواست دی تھی جسے آج واپس لیتے ہوئے اس کی جگہ پرعامر پیرزادہ کو قائد حزب اختلاف بنانے کی درخواست جمع کرائی۔

مقبول خبریں