کراچی میں فائرنگ ظفر اللہ جمالی کے کزن سمیت 7 افراد ہلاک

گلستان جوہر، اجمیر نگری، سرجانی ٹاؤن، لائنزایریا،سمن آباد،عزیز آباد، سہراب گوٹھ میں فائرنگ کے واقعات


Staff Reporter February 28, 2013
سمن آباد میں حلیم کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ، میر امان اللہ جمالی اپنی دوسری اہلیہ کے پاس مقیم تھے، جیش محمدکا کارکن بھی نشانہ بنا۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بدامنی کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے اور قاتل جب چاہیں اور جہاں چاہیں کسی کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیتے ہیں۔

فائرنگ کے واقعات میں 7 افراد ہلاک جبکہ پاک بحریہ کے افسر سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں میں سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کے کزن اور کالعدم تنظیم کا کارکن بھی شامل ہیں۔ گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 60 میر امان اللہ جمالی ولد حبیب اللہ جمالی کو ہلاک کردیا ، ڈی ایس پی گلستان جوہر عبادت نثار نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول عبداللہ اپارٹمنٹ بلاک 8 گلستان جوہر کے رہائشی تھے، وہ گھر سے باہر چہل قدمی کررہے تھے کہ گولیوں کا نشانہ بن گئے، مقتول سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کے کزن تھے ، ایس ایچ او گلستان جوہر ارشد گبول نے بتایا کہ مقتول کراچی میں اپنی دوسری اہلیہ کے گھر مقیم تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق نصیر آباد سے تھا۔

لائنز ایریا میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے دکاندار 35 سالہ شبیر احمد ولد رسول خان ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او بریگیڈ عرفان آصف نے بتایا کہ مقتول کی کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے وابستگی نہیں تھی۔ خواجہ اجمیر نگری سیکٹر 5-A/2 میں نجی اسکول کے قریب نامعلوم ملزمان نے ہائی روفC-2457 پر فائرنگ کردی جس سے 45 سالہ واجد علی ولد فیض محمد ہلاک ہوگیا، مقتول نور محمد گوٹھ سرجانی ٹائون کا رہائشی اور ٹھیکیدار تھا، مقتول اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے آیا تھا۔ سرجانی ٹائون کے سیکٹر L-1 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ سید محمد آصف ولد سید محمد عابد ہلاک ہوگیا ، ایس ایچ او سرجانی ٹائون اعجاز راجپر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کا تعلق کالعدم تنظیم جیش محمد سے تھا اور نجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ تھا۔

8

سمن آباد میں نامعلوم ملزمان نے حلیم کی دکان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سیکیورٹی گارڈ 35 سالہ اشرف حسین ہلاک اور 45 سالہ آصف کریم ولد کریم الحق زخمی ہوگیا ، علاقہ ایس ایچ او ضامن عباس نے بھتہ خوری کی تردید کی ہے۔ ماری پور کے علاقے حب ریور روڈ کے قریب کچرا کنڈی سے 70 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر ہلاک کیا۔ کیماڑی میں کے پی ٹی گیٹ نمبر 15 کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے افسر لیفٹیننٹ کمانڈرسید عظیم حسین زخمی ہوگئے، ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ نے ایکسپریس کو بتایا کہ وہ اپنے دفتر واقع منوڑا جارہے تھے کہ کیماڑی میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی وہ 5 گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق سید عظیم حسین پی این ایس شفا میں زیر علاج ہیں اور حالت خطرے سے باہر ہے، ان کا تعلق پاک بحریہ کی ایجوکیشن کور سے ہے، یاد رہے کہ 7 فروری کو کارساز کے علاقے میں نجی کالج کی پارکنگ میں پراسرار دھماکا ہوا تھا ، تیموریہ تھانے کی حدودمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ عبداللہ زخمی ہوگیا۔ عزیز آباد میں فائرنگ سے 25 سالہ محسن ولد نعیم زخمی ہوگیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹیکسی ڈرائیور 55 سالہ صادق زخمی ہوگیا۔گلشن معمار کے علاقے جنجار گوٹھ میمن فارم ہاؤس کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار 42سالہ ہادی بخش ہلاک ہوگیا مقتول گلشن معمار تھانے میں کورٹ محرر اور سہراب گوٹھ کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق سکھر سے بتایا جاتا ہے۔