CHAKWAL:
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام عسکری ونگ رکھنے والی جماعتوں کو ووٹ نہ دیں جب یہ جماعتیں دہشت گردوں کو پناہ دیں گی تو پھر کس طرح ان کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ ہم حکومت میں آکر فرقہ واریت کا خاتمہ کریں گے اورایسی جماعتیں جو فرقہ واریت میں ملوث ہیں ان کو حاصل بیرونی فنڈنگ اور مداخلت کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی طاقتیں پاکستان کا امن تباہ کررہی ہیں اورجس طرح عراق، لبنان میں شیعہ سنی کو لڑایا گیا اسی طرح پاکستان میں بھی کیا جارہا ہے،ایسے حالات پر قابوپانے کے لئے ہمیں فوری طورپر امریکا کی جنگ سےباہر نکلنا ہوگا۔
تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ ملک کے حالات اتنے خراب ہوچکے ہیں کہ ملکی سرمایہ بیرون ممالک منتقل ہورہا ہے اورکوئی پاکستان آنے کوتیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف ملک کو اس حالت تک پہنچانے کے ذمےدارہیں، آصف زرداری کو پیسے بنانے کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں آتا، مسلم لیگ(ن) پنجاب میں جنگلا بس بناکر عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتی ، 23مارچ کو مینارپاکستان پرجلسہ کرکے بتائیں گے کہ کس کا گراف اوپرجا رہا ہے اورکس کا نیچے۔
عمران خان نے کہا کہ میں عوامی نیشنل پارٹی اور مولانا فضل الرحمان سے پوچھتا ہوں کہ 5 سال میں ان کو اے پی سی کا خیال کیوں نہیں آیا، ان کو طالبان سے مذاکرات اب کیوں یاد آرہے ہیں، جب میں طالبان سے مذاکرات کی بات کرتا تھا تومجھے''طالبان خان'' کاطعنہ دیا جاتا تھا۔