خواتین کے ریڈی میڈ ملبوسات کی خریداری میں اضافہ ٹیلرز سخت دبائو کا شکار

میٹریل کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، سادے سوٹ کی سلائی400روپے،ڈیزائن والے ملبوسات کی سلائی800روپے تک وصول کی جارہی ہےسروے


Business Reporter August 06, 2012
کراچی کی ایک لیڈیز ٹیلرنگ شاپ پر ٹیلر دلہن کے شرارے کی کٹنگ میں مصروف ہے، ٹیلرز کا کہنا ہے کہ خواتین شادیوں کے سیزن کیلیے کپڑے تیار کرارہی ہیں جو عیدکے بعد شروع ہوجائیگا۔ فوٹو: محمد نعمان

خواتین میں ریڈی میڈ اور ڈیزائنر ملبوسات کی خریداری کے رجحان میں اضافے کے باعث ٹیلرنگ کے کاروبار کو سخت دبائو کا سامنا ہے، اس سال عید کیلیے خواتین کے ملبوسات تیار کرنیو الے ٹیلرز کی اکثریت ایک عشرہ گزرنے کے باوجود آرڈرز بک کررہی ہے جبکہ گزشتہ سال خواتین کے ٹیلرز نے پہلے ہفتے کے اختتام پر ہی نوبکنگ کا اعلان کردیا تھا۔

خواتین کے ملبوسات کی ٹیلرنگ کے حوالے سے کیے گئے سروے کے دوران محمد نواز، نوید غوری اور دیگر ٹیلرز نے بتایا کہ اس سال عید کے ملبوسات کی تیاری کے آرڈرز میں گذشتہ سال کی نسبت30فیصد تک کمی کا سامنا ہے، ٹیلرنگ کے کاروبار میں سال بہ سال کمی واقع ہورہی ہے، زیادہ تر خواتین شادیوں کے سیزن کیلیے کپڑے تیار کرارہی ہیں جو عید کے فوری بعد شروع ہوجائے گا، ٹیلرز کے مطابق مہنگائی کے باعث خاتون خانہ کے لیے گھر بھر کے افراد کے لیے عید کی تیاری کے بعد اپنے ملبوسات کے لیے بجٹ کم رہ جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ خواتین کی اکثریت ہر سال اپنے لیے ملبوسات کی تیاری کم سے کم کررہی ہے، زیادہ تر خواتین عید سے قبل ریڈی میڈ ملبوسات خریدنے کو ترجیح دیتی ہیں جبکہ امور خانہ داری میں ماہر اور وقت اور وسائل کو بہتر طریقے سے بروئے کار لاکر گھرداری کرنیو الی خواتین عید سے قبل ہی عید کے ملبوسات تیار کرالیتی ہیں، شہر کے تمام شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں بھی ریڈی میڈ ملبوسات کی دکانوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، ریڈی میڈ ملبوسات کی لاگت کپڑالے کر سلوانے سے کم پڑتی ہے یہی وجہ ہے کہ متوسط طبقے میں عید کے لیے تیار ملبوسات کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

بیشتر ٹیلرز نے عید کیلیے ملبوسات کی سلائی میں بھی اضافہ نہیں کیا اور گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی سادے ملبوسات کی سلائی400روپے، ڈیزائن والے ملبوسات کی سلائی600سے800روپے وصول کی جارہی ہے، ٹیلرز کے مطابق ایک سال کے دوران سلائی کے مٹریل کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے، بٹن، دھاگے، بکرم فیوزنگ، پائپن، بنارسی بیلوں کی قیمت دگنی ہوچکی تاہم خواتین کسٹمرز سلائی کی اجرت بڑھانے پر تیار نہیں، زیادہ تر ٹیلرز کے گاہک بندھے ہوئے ہیں جو سال بھر پورے خاندان کے کپڑے سلواتے ہیں اس لیے عید پر اضافی اجرت لیکر گاہک کو ناراض کرکے دکانداری خراب کرنیکا خطرہ نہیں مول لے سکتے۔