توقیر صادق کیس نیب نے تماشا بنا رکھا ہے بتائے گرفتار کرنا ہے یا نہیں سپریم کورٹ

شرمناک حدتک احکام کامذاق اڑایا جارہا ہے ، جسٹس جواد


Numainda Express March 05, 2013
وارنٹ گرفتاری پر نمبر نہیں تھا اس لیے سماعت ملتوی ہوئی، پراسیکیوٹر، ڈی جی نیب کا پیغام ملامک مکاکرلیں، 2شہریوں کی درخواست فوٹو ایکسپریس / فائل

سپریم کورٹ نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کیخلاف نیب کی کارروائی کی رپورٹ مستردکرکے توقیر صادق اور انکی اہلیہ کو حوالہ(ہنڈی) کے ذریعے رقوم ملنے کی تفصیل فراہم نہ کرنے پر چیئرمین نیب سے 10روزمیں وضاحت طلب کرلی ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف پر مشتمل رکنی بینچ نے سماعت کی ۔ جسٹس جواد نے ریمارکس دیے کہ نیب بتائے کہ ملزم کواتنی رعایت کیوں دی جارہی ہے، نیب واضح کرے کہ اس نے ملزم کوگرفتارکرنا ہے یا نہیں کرنا۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے کہا کہ کیا نیب بدعنوانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمے داری ادا کرنے میں لگا ہے اور تماشا بنا رکھا ہے ۔نیب کے تفتیشی افسر وقاص نے بتایا متحدہ عرب امارات میں27فروری کو ڈی پورٹیشن کیلیے توقیر صادق کو الگ سیل میں بھیج دیا گیا تھا لیکن اچانک اس میں10 دن توسیع کر دی گئی۔

انھوں نے کہا پاکستان سے توقیر صادق کی اہلیہ صاعقہ کو حوالہ کے ذریعے مسلسل رقم مل رہی ہے،اس کی رپورٹ نیب ہیڈکوارٹرز بھیج دی تھی جس میں موبائل فون پیغامات اور دیگر ثبوت تھے۔عدالت نے تفتیشی افسرکی رپورٹ مہیا نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور چیئرمین نیب سے وضاحت طلب کرلی کہ رپورٹ کو عدالت سے کیوں چھپا کررکھا گیا۔عدالت نے توقیر صادق کے فرنٹ مین سلیم شہزاد بھٹی کوگواہ بنانے کیخلاف دوشہریوں محمد نواز اور سید عامر حسین نقوی کی درخواستوں پر انھیں فریق بناکر تحریری جواب اور ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔



عامر حسین نقوی نے عدالت کو بتایا کہ شہزاد سلیم بھٹی کی وجہ سے ان کو5 کروڑکا نقصان ہوا، وہ گواہی دینے کیلیے بمعہ ثبوت ڈی جی نیب راولپنڈی شہزاد انور بھٹی کے دفترگئے اور9غیر قانونی سی این جی اسٹیشنزکی نشاندہی کی مگر اگلے دن توقیر صادق کے فرنٹ مین کاکزن آیا اورکہا کہ ڈی جی نیب کہتے ہیں کہ آپ مک مکا کرلیں، درخواستوں اورگواہی کے چکر سے نکلیں۔

جسٹس جواد نے کہا شرمناک حد تک عدالت کے احکام کا مذاق اڑیا جا رہا ہے،اس کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب رانا زاہد نے بتایا توقیر صادق کودبئی میںمجسٹریٹ کے سامنے پیش کیاگیاتھا، وارنٹ گر فتاری کے لیٹر پر نمبر نہ ہونے کی وجہ سے حوالگی اور بے دخلی پر اب دوبارہ بحث ہوگی، قومی مفادکے تحت توقیر صادق کو واپس لایا جائے گا،انھوں نے تسلیم کیا کہ ہو سکتا ہے کہ نمبر جان بوجھ کر نہ ڈالا گیا ہو۔جسٹس جواد نے کہا نیب نے ملزم کے اکاؤنٹ تب منجمدکیے جب 3ارب روپے نکال لیے گئے،عدالت نے مزید سماعت7مارچ تک ملتوی کردی ہے۔