مصری شوہر کو زن مریدی مہنگی پڑگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 9 نومبر 2017
میرے شوہر کھانا بنانے سے لیکر برتن اور کپڑے بھی خود دھوتے ہیں اورمیں گھر میں ایک مہمان کی طرح ہوں، مصری خاتون۔ فوٹو : فائل

میرے شوہر کھانا بنانے سے لیکر برتن اور کپڑے بھی خود دھوتے ہیں اورمیں گھر میں ایک مہمان کی طرح ہوں، مصری خاتون۔ فوٹو : فائل

قاہرہ: شوہر کی جانب سے گھر کے سارے کام خود کرنے پر مصری خاتون نے شادی کے 2 ہفتے بعد ہی طلاق کا مطالبہ کردیا۔

ایسا بہت کم ہی دیکھنے میں آتا ہے مرد گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹائیں لیکن یقیناً ہر عورت کا یہ خواب ہوتا ہے کہ اس کا شوہر گھر کے کام کاج میں اس کا ہاتھ بٹائے اور اگر ایسا جیون ساتھی مل جائے تو خواتین کی خوشی کا کوئی ٹھکانا نہیں رہتا تاہم مصر میں اس کے برعکس خاتون نے شوہر کی جانب سے گھر کے کام کرنے پر طلاق کا مطالبہ کردیا۔

28 سالہ مصری خاتون سمر نے قاہرہ کی عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کا شوہر انہیں گھر کے کام کرنے بالکل نہیں دیتا، میں گھر میں ایک مہمان کی طرح ہوں، مجھے گھر کے کام کرنے کی عادت ہے لیکن شوہر کے اس رویے کے باعث مجھے اپنی زندگی سے نفرت ہورہی ہے۔

خاتون نے درخواست میں کہا کہ ہماری شادی کو صرف 2 ہفتے ہوئے ہیں جب کہ میرے میاں کھانا بھی خود بناتے ہیں۔ اس کے علاوہ برتن اور کپڑے بھی خود دھوتے ہیں جس کی وجہ سے مجھے کچھ بھی نہیں کرنا پڑتا اور میں سارا دن صرف اپنے میاں کو گھر کے کام کرتے دیکھتی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔