ریاستی عناصر کی جانب سے انسانی حقوق کو خطرات لاحق ہیں، فرحت اللہ بابر

ویب ڈیسک  ہفتہ 11 نومبر 2017
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پیر کو پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لے گی، پی پی پی سینیٹر۔ فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پیر کو پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لے گی، پی پی پی سینیٹر۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پیر کو پاکستان کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک بیان میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ  جینوا میں اقوام متحدہ کی کونسل پیر کے روز تمام رکن ممالک سے انسانی حقوق کی رپورٹوں پر سوال و جواب کرے گی اور پوچھے گی کہ انہوں نے مختلف اقدامات اٹھانے کے لئے جو وعدے کئے تھے ان پر کیا پیش رفت ہوئی۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کونسل پاکستان کی صورتحال کا بھی جائزہ لے گی،  اسس وقت یہاں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ریاست و ریاستی عناصر کی جانب سے شہریوں کے انسانی حقوق کو انتہائی خطرات لاحق ہیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزارت انسانی حقوق کا ایک وفد کرے گا جس کی سربراہی وزیر خارجہ خواجہ آصف کریں گے، یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہماری بین الاقوامی تجارت باالخصوص یوروپین یونین سے تجارت کا انحصار ہماری انسانی حقوق کی صورتحال پر ہے، گزشتہ نظرثانی میں پاکستان اس بات پر راضی ہوگیا تھا کہ زبردستی غائب ہونے والے کیسوں کو مجرمانہ فعل قرار دیا جائے گا لیکن اس مرتبہ کی رپورٹ میں اس معاملے پر مکمل خاموشی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔