8 بیمہ وتکافل کمپنیوں کو گزشتہ ماہ اظہار وجوہ کے نوٹس

نوٹسزایس ای سی پی نے قوانین کی خلاف ورزی پر جاری کیے،5 کمپنیوں کو انتباہ


Business Reporter March 07, 2013
صارفین کی 16شکایات پر مختلف انشورنس کمپنیوں کے خلاف کارروائی مکمل۔ فوٹو ڈیزائن: جمال خورشید/ فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیز آرڈیننس مجریہ1984 اورانشورنس آرڈیننس مجریہ2000 کی خلاف ورزی کی مرتکب 8 بیمہ اورتکافل کمپنیوں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں جبکہ 5 کمپنیوں کو انضباتی قواعد اوراکاوئنٹنگ اسٹینڈرزکی خلاف ورزی کرنے پرانتباہ کے نوٹس جاری کیے گئے۔

ایس ای سی پی کے مطابق فروری 2013 میں ایک تکافل کمپنی کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ شرعی رہنما اصول کی خلاف ورزی کرنے جبکہ 7 کمپنیوں کو انشورنس آرڈیننس مجریہ2000 اورکمپنیز آرڈیننس مجریہ 1984 کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے، اظہار وجوہ اور انتباہ کے نوٹس ایس ای سی پی کے انشورنس ڈویژن کے جانب سے تکافل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور ڈائریکٹرز کو جاری کیے گئے ہیں۔

6

فروری 2013 کے دوران ہی ایس ای سی پی نے انشورنس آرڈیننس مجریہ2000 کے سیکشن 76(1) کی خلاف ورزی کرنے اور گمراہ کن معلومات پر مبنی اشتہاراتی مہم چلانے پر ایک تکافل کمپنی پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے 30 یوم کے اندر ادا کرنے کی ہدایت کی،علاوہ ازیں انشورنس ڈویژن نے وفاقی انشورنس محتسب کے فیصلوں کے خلاف انشورنس کمپنیوں کی جانب سے کی گئی اپیلوں پر بھی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے مختلف انشورنس کمپنیوں کے خلاف 16 شکایات موصول ہوئیں جن پر ایس ای سی پی نے فوری کارروائی مکمل کرتے ہوئے صارفین کے مسائل کا ازالہ کیا۔