خواجہ آصف نے اقامہ کیس میں لارجر بینچ چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  پير 13 نومبر 2017
لارجر بینچ کی تشکیل میں مجھے اپیل کے حق سے محروم کردیا گیا، خواجہ آصف نے عدالت میں جواب جمع کرادیا۔ فوٹو: فائل

لارجر بینچ کی تشکیل میں مجھے اپیل کے حق سے محروم کردیا گیا، خواجہ آصف نے عدالت میں جواب جمع کرادیا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اقامہ کیس میں ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کی تشکیل چیلنج کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اقامہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بنچ کی تشکیل چیلنج کردی۔ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی جبکہ خواجہ آصف نے متفرق درخواست کے ذریعے بینچ کی تشکیل پر اعتراض اٹھایا۔

خواجہ آصف نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے عدالت سے تمام حقائق چھپائے، جب کہ لارجر بینچ کی تشکیل کرکے مجھے اپیل کے حق سے محروم کردیا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ درخواست گزار اس سے قبل میری نااہلی کے لئے سپریم کورٹ تک تمام فورم استعمال کرچکا ہے۔

خواجہ آصف کے وکیل نے اقامہ سے متعلق جواب کیلئے دس دن کی مہلت مانگی جس پر عدالت نے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی جب کہ الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کردیا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے وزیرخارجہ کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عثمان ڈار نے اپنی درخواست میں خواجہ آصف پر اپنے اثاثے چھپانے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے ان کی نااہلی کی استدعا کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں کہا کہ اقامہ چھپانے پر خواجہ آصف صادق اور امین نہیں رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔