’’حیدر‘‘ کیرئیر کی سب سے کامیاب ترین فلم ثابت ہو گی، شاہد کپور

ویب ڈیسک  پير 29 ستمبر 2014
شاہد کپور کی نئی آنے والی فلم ’’حیدر‘‘ 2 اکتوبر کو ریلیز ہو گی۔  فوٹو: فائل

شاہد کپور کی نئی آنے والی فلم ’’حیدر‘‘ 2 اکتوبر کو ریلیز ہو گی۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کا کہنا ہے کہ نئی آنے والی فلم ’’حیدر‘‘ ان کے کیرئیر کی سب سے زیادہ کامیاب فلم ہو گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد کپور کا کہنا تھا کہ میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ’’حیدر‘‘ میرے کیرئیر کی سب سے کامیاب ترین فلم ہو گی، ایسی شاندار فلم میں نے اس سے پہلے کبھی بھی نہیں کی اورمیری تمام تر توجہ فلم کی کامیابی پر مرکوز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کو اشتعال انگیز فلمیں پسند آتی ہیں اور کچھ کو رومانوی لیکن مجھے یقین ہے کہ میری نئی آنے والی فلم سب کو بہت پسند آئے گی۔

شاہد کپور نے کہا کہ میں باکس آفس کلیکشن اور ایوارڈ پر نہیں بلکہ اچھا کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں اور یہی میری فلموں کی کامیابی کا راز ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر کوئی مجھے کہتا ہے کہ فلم ’’حیدر‘‘ نیشنل ایوارڈ جیت لے گی لیکن میں ایسا کچھ نہیں سوچتا، میں پہلے باکس آفس کلیکشن کے بارے میں سوچا کرتا تھا تاہم اب فلموں میں اپنے کام سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔

واضح رہے کہ شاہد کپور کی نئی آنے والی فلم ’’حیدر‘‘ ولیم شیکسپیئر کے ناول ہیلمٹ سے لی گئی ہے، فلم 2 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی اور فلم میں شاہد کپور کے ساتھ شردھا کپور بھی کام کر رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔