فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  منگل 30 ستمبر 2014
 بہت جلد ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے،آرمی چیف   فوٹو:فائل

بہت جلد ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے،آرمی چیف فوٹو:فائل

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے جبکہ آپریشن ضرب عضب میں جوانوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے کھاریاں میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی جبکہ کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل طارق خان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مشقوں کا جائزہ بھی لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج روایتی اور غیر روایتی جارحیت سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اورفوج کی قربانیوں کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں پاکستان آرمی کو احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ  شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں جوانوں کی خدمات قابل تحسین ہے اور بہت جلد ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ  نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں فوجی جوانوں کو دہشت گردی سے نمٹنے کی اعلی اور جدید تربیت دی جائے  گی جبکہ دیگر اداروں کو بھی دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تربیت فراہم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔