رینجرز کو اختیارات کسی کی خواہش پر نہیں آئین کے مطابق دیں گے، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک  جمعرات 28 جولائی 2016
اگر سویلین ادارے مضبوط ہو جائیں تو كسی اور ادارے كی ضرورت نہیں رہے گی، نامزد وزیراعلیٰ، فوٹو؛ فائل

اگر سویلین ادارے مضبوط ہو جائیں تو كسی اور ادارے كی ضرورت نہیں رہے گی، نامزد وزیراعلیٰ، فوٹو؛ فائل

کراچی: سندھ كے نامزد وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے كہا ہے كہ كراچی میں امن كا قیام سب كی ضرورت ہے جب کہ رینجرز كو اختیارات کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ آئین وقانون کے مطابق دیں گے۔

وزیراعلیٰ كے امیدوار كی حیثیت سے اپنے كاغذات نامزدگی جمع كرانے كے بعد سندھ اسمبلی بلڈنگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جمعہ كو سندھ اسمبلی میں اپنا پالیسی بیان دوں گا جب کہ قائم علی شاہ سے رہنمائی حاصل كركے آگے بڑھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ بلا مقابلہ منتخب ہونے كا آئین میں كوئی تصورنہیں ہے، اگر كوئی امیدوار سامنے نہ بھی ہو تب بھی وزیراعلیٰ كو اعتماد كا ووٹ لینا ہوتا ہے، فضا مقابلے سے بنتی ہے اور مقابلہ ہی جمہوریت كی اصل روح ہے، مقابلہ جمہوری روایات كا حصہ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مراد علی شاہ آج 27 ویں وزیراعلیٰ سندھ کاحلف اٹھائیں گے

رینجرز كے اختیارات میں توسیع كے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز كو اختیارات كسی كی خواہش پر نہیں بلكہ آئین اور قانون كے مطابق دیئے جائیں گے، اگر سویلین ادارے مضبوط ہو جائیں تو كسی اور ادارے كی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ كراچی میں امن وامان كا قیام ہم سب كی ضرورت ہے، ہماری كوشش ہے كہ كراچی میں پائیدار امن قائم ہو۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سندھ کے نئے وزیراعلی کا انتخاب، 4 امیدوار میدان میں آگئے

واضح رہے کہ سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کے استعفیٰ کے بعد پیپلزپارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے اس سلسے میں وہ کل اسمبلی میں 27 ویں وزیراعلیٰ سندھ کا حلف اٹھائیں گے تاہم تحریک انصاف نے خرم شیرزمان کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ پیپلزپارٹی کے جام مہتاب ڈہر اور سکندر میندھرو نے مراد علی شاہ کے کورنگ امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔