لاڑکانہ میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکوں میں ایک اہلکارشہید، 3 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 جولائی 2016
دھماکوں کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ فوٹو: فائل

دھماکوں کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ فوٹو: فائل

لاڑکانہ: رینجرز کی گاڑی کے قریب 2 دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جب کہ 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاڑکانہ میں رینجرز موبائل جیسے ہی رینجرز ہیڈ کوارٹر سے معمول کی گشت پر نکل کر میرو خان چوک کے قریب پہنچی تو سائیکل ميں نصب بم پھٹ گیا جب کہ بعد میں ایک کریکردھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکارشاہد سیال، راشد حسین اور غلام نبی سمیت 7 افراد زخمی ہوئے جنھیں چانڈ کا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک اہلکارشہید ہو گیا جس کا تعلق لاڑکانہ سے ہے جب کہ زخمی ایک اہلکار کومہ میں چلا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: رینجرز کی موبائل کے قریب دھماکے میں 2 اہلکار جاں بحق

دھماکوں کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا جس میں اب تک 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں رینجرز کی موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رینجرز موبائل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی چانڈکا اسپتال میں عیادت کی اور شہید ہونے والے اہلکار کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔