کیا واقعی’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے ’’گیم آف تھرونز‘‘ کو پیچھے چھوڑدیا؟

ویب ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2019
پاکستان میں کئی ریکارڈ توڑنے اوربنانے کے بعد اب ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے جھنڈے گاڑ رہاہے فوٹوفائل

پاکستان میں کئی ریکارڈ توڑنے اوربنانے کے بعد اب ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘بین الاقوامی سطح پر بھی اپنے جھنڈے گاڑ رہاہے فوٹوفائل

مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے پاکستان میں کئی ریکارڈ بنانے کے بعد کیا واقعی دنیا بھر میں مقبول ترین ڈراما سیریز ’’گیم آف تھرونز‘‘ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ ہرقسط کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ بناتا جارہا ہے۔ ہرہفتے لوگ شدت سے ڈرامے کی اگلی قسط کا انتظار کرتے ہیں جب کہ ہر نئی قسط کے ساتھ یہ ڈراما دیگر ڈراموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی آر پی (ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ) کے نئے ریکارڈ بنارہا ہے اس کے علاوہ یوٹیوب پر بھی اس ڈرامے نے طوفان مچایا ہوا ہے۔

گوگل کے مطابق ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ نے آئی ایم ڈی بی (انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس)  پردنیا بھر میں مقبول ترین ٹی وی سیریز ’’گیم آف تھرونز‘‘ کو بھی پیچھے چھوڑدیا ہے لیکن کیا واقعی یہ سچ ہے۔

آئی ایم ڈی بی ایک آن لائن ڈیٹا بیس یعنی اعدادوشمار اور درجہ بندی کی ویب سائٹ ہے جو دنیا بھرسے فلموں، ڈراموں، ویڈیوز اور گیمز وغیرہ کے اعدادوشمار اورریٹنگ جاری کرتی ہے۔ دنیا بھر میں آئی ایم ڈی بی کی ریٹنگ کو نہایت معتبر مانا جاتا ہے۔

سرچ انجن گوگل کے مطابق ڈراماسیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی ریٹنگ آئی ایم ڈی بی پر 10 میں 9.9 اور’’گیم آف تھرونز کی 10 میں سے 9.4 ہے۔ تاہم گوگل کے برعکس آئی ایم ڈی بی کی ویب سائٹ پر ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی ریٹنگ 9.9 کے بجائے7.7 آرہی ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ڈی بی کی درجہ بندی کا نظام اس کے رجسٹرڈ صارفین کی جانب سے کاسٹ کیے جانے والے ہر انفرادی ووٹ کے تحت ہوتا ہے۔ ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی اب تک 17 اقساط نشر ہوچکی ہیں اورہر قسط کو ناظرین کی جانب سے زبردست ردعمل موصول ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔