پاکستان آنے کا بہت دل چاہتا ہے مگر حالات اجازت نہیں دیتے، رشی کپور

ویب ڈیسک  پير 23 نومبر 2015
رشی کپور 1985 میں فلم’’حنا‘‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے۔ فوٹو: فائل

رشی کپور 1985 میں فلم’’حنا‘‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار رشی کپور کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے کا بہت دل چاہتا ہے مگر حالات اجازت نہیں دیتے۔

فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی شاید اسی لیے بھارت میں بڑھتی ہوئی ہندو انتہاپسندی اور پاکستان مخالف روایتی دشمنی کے باوجود کئی بھارتی فنکار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں جس میں شاہ رخ خان، کرینہ کپور خان، رنبیر کپور اور سدھارت ملہوترا شامل ہیں تاہم  اب اس فہرست میں بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکاررشی کپور کا اضافہ ہوگیا ہےجنہوں نے زندگی میں ایک بار پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بالی ووڈ اداکار رشی کپور کا مائیگرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میرا وعدہ ہے کہ ہم سب پاکستان آئیں گے، بشرطیکہ دونوں ملکوں کے حالات ٹھیک ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پر امید ہوں کہ اپنی زندگی میں ایک بار پاکستان ضرور آؤں گا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار رشی کپور 1985 میں فلم’’حنا‘‘ کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔