فلم ’’ڈر‘‘میں شاہ رخ اور جوہی کی جگہ کون سے اداکاروں کو لیا گیا تھا

ویب ڈیسک  جمعرات 22 جون 2017
عامرخان نے فلم’’ڈر‘‘میں دیویا بھارتی کی جگہ جوہی چاؤلہ کو کاسٹ کروایا؛فائل فوٹو

عامرخان نے فلم’’ڈر‘‘میں دیویا بھارتی کی جگہ جوہی چاؤلہ کو کاسٹ کروایا؛فائل فوٹو

ممبئی: 90 کی دہائی کی کامیاب ترین فلم ’’ڈر‘‘ نے جوہی چاؤلہ اور شاہ رخ خان کو سپر اسٹار بنادیا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ دونوں ہی اداکار فلم ساز کا پہلا انتخاب نہیں تھے بلکہ شاہ رخ کا کردار عامر اور جوہی کا کردار دیویا بھارتی کو ادا کرنا تھا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق 1993 میں ریلیز ہوئی فلم ’’ڈر‘‘میں شاہ رخ خان، جوہی چاؤلہ اور سنی دیول نے مرکزی کردار نبھائے تھے، اس فلم نے شاہ رخ اور جوہی کے کیرئیر کوشہرت کی بلندیوں پر پہنچانے میں اہم کردارادا کیا، فلم میں کرن اور راہول کے کردار کو لوگ آج تک بھلا نہیں پائے ہیں، تاہم ہدایت کار آدیتہ چوپڑا نے مرکزی کرداروں کے لئے شاہ رخ اور جوہی سے قبل عامرخان اوردیویا بھارتی کو کاسٹ کیا تھا لیکن عامر نے دیویا بھارتی کے ساتھ اختلافات کے باعث انہیں فلم سے نکلوا کر اور ان کی جگہ جوہی چاؤلہ کو فلم میں کاسٹ کروایاتھا، یہ بات جب دیویا بھارتی کو پتہ چلی وہ دلبرداشتہ ہوگئیں۔ اور اس کے بعد عامر خان نے بھی فلم چھوڑ دی تھی اور ان کا کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامرخان کا فلم ’’ڈر‘‘کی کاسٹ سے نکالے جانے کاانکشاف

دراصل عامراور دیویا کے درمیان اختلافات کا آغاز 1992 میں لندن میں ایک لائیو شو کے دوران ہوا تھا۔ شو میں دونوں اداکاروں کو ایک ساتھ پرفارم کرنا تھا لیکن دیویا ٹھیک پرفارمنس نہیں دے پائیں جسے عامر برداشت نہ کرسکے اور ان سے ناراض ہوگئے، فلم ’’ڈر‘‘ کی کاسٹنگ کے موقع پر بھی وہ ان سے بےحد ناراض تھے اور انہیں ڈرتھا کہ دیویا یہاں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائیں گی لہٰذا انہوں نے جوہی چاؤلہ کو ’’کرن‘‘ کا کرداردلوادیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان نے پہلے تو فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی تھی لیکن بعد میں انہوں نے خود ہی فلم میں کام کرنے سے منع کردیا تھا، عامر ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ میں رومینٹک کردار نبھانے کے بعد منفی کردار نبھانا نہیں چاہتے تھے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ان کا رومینٹک ہیرو والا امیج خراب ہوسکتا ہے لہٰذا نہوں نے ’’ڈر‘‘ میں کام کرنے سے منع کردیا،تاہم ان کے منع کرنے سے شاہ رخ خان کی قسمت کا ستارہ چمک گیا، شاہ رخ کو بالی ووڈ کا کنگ بنانے میں فلم ’’ڈر‘‘ کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔