ضامن نے اسحاق ڈار کو پیش کرنے کیلئے تین ہفتوں کی مہلت مانگ لی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 نومبر 2017
عدالت اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط نہ کرے اور 3 ہفتوں کی مہلت دے، ضامن۔ فوٹو : فائل

عدالت اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط نہ کرے اور 3 ہفتوں کی مہلت دے، ضامن۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی نے انہیں احتساب عدالت کے سامنے پیش کرنے کے لئے تین ہفتوں کی مہلت طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیرخزانہ کی جانب سے ان کے ضامن احمد علی قدوسی عدالت میں پیش ہوئے اور شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرایا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسحاق ڈار سے وزارت خزانہ کی ذمہ داری واپس لے لی گئی

ضامن کے جواب میں استدعا کی گئی کہ اسحاق ڈار لندن میں زیر علاج ہیں اسی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے، عدالت اسحاق ڈار کا 50 لاکھ روپے کا زرِضمانت ضبط نہ کرے اور ہمیں 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔ عدالت  نے اسحاق ڈار کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرنے کے معاملے پر نیب سے دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیدیا

واضح رہے کہ احتساب عدالت آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کو عدم حاضری کے باعث مفرور قرار دے چکی ہے جب کہ گزشتہ سماعت میں ان کے ضامن احمد علی قدوسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اخبار میں اشتہار شائع کرکے طلب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ  کیوں نہ آپ کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرلی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔