احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیدیا

ویب ڈیسک  منگل 21 نومبر 2017
اخبار میں اشتہار شائع کرکے اسحاق ڈار کو طلب کرنے کا حکم جاری۔ فوٹو: فائل

اخبار میں اشتہار شائع کرکے اسحاق ڈار کو طلب کرنے کا حکم جاری۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی حاضری سے استثنیٰ اور نمائندہ مقرر کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج بھی پیش نہ ہوئے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل قوسین فیصل کے مطابق ان کے موکل علیل ہیں اور علاج کی غرض سے لندن میں ہیں جس کی وجہ سے سماعت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ اسحاق ڈار کے وکیل نے اپنے موکل کی جانب سے اٹارنی مقرر کرنے اور حاضری سے استثنی کی درخواست کی جنہیں عدالت نے مسترد کردیا۔

عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے آغاز کا حکم دیتے ہوئے ان کے ضامن کو نوٹس جاری کردیا اور 24 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے ملزم کو اخبار میں اشتہار شائع کرکے طلب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کی 50 لاکھ روپے کی ضمانت ضبط کرلی جائے۔ ریفرنس کی آئندہ سماعت 4دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کے تمام اثاثے منجمد

دوران سماعت اسحاق ڈار کی تیسری نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس کے مطابق وزیر خزانہ کی دل کی ایک شریان درست کام نہیں کر رہی، انہیں 27 نومبر کو دوبارہ طبی معائنے کے لیے بلایا گیا، ڈاکٹر نے انہیں بین الاقوامی سفر سے منع کیا ہے، اگر ضرورت ہو تو اسحاق ڈار آڈیو وڈیو لنک پر دستیاب ہو سکتے ہیں۔
وکیل اسحاق ڈار قوسین فیصل مفتی نے کہا کہ عدالت نے 8 نومبر کو نیب کو اسحاق ڈار کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی برطانیہ سے تصدیق کرانے کا حکم دیا تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا، جو نیب کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔

ادھر نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق نے میڈیکل رپورٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ  میڈیکل رپورٹ تصدیق کے لیے بذریعہ دفترخارجہ لندن بھجوائی جا چکی ہے، اسحاق ڈار کے برطانوی ڈاکٹر کی میڈیکل رپورٹ برطانوی قوانین کے مطابق بھی نہیں، ملزم مفرور ہے، اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

آج سماعت میں استغاثہ کے گواہ اور نیب پراسیکیوٹر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ 14 نومبر کو پچھلی سماعت میں پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ پاناما کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنی حتمی رپورٹ میں کہا تھا کہ اسحاق ڈار کے اثاثوں میں بہت کم عرصے کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا اور وہ 90 لاکھ روپے سے بڑھ کر 83 کروڑ 10 لاکھ روپے تک جا پہنچے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔