اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی متوقع ملاقات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے تفصیلات بتا دیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات طے پا چکی ہے، تاہم اس ملاقات کے دن، وقت اور مقام کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جانب سے رابطے جاری ہیں اور جلد تفصیلات طے ہونے کا امکان ہے۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے لیے مختلف آپشنز پر تیار ہیں، وہ میزبانی بھی کر سکتے ہیں اور یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر 8 فروری سے قبل ملاقات کرنے سے اپوزیشن لیڈر کی سیاسی پوزیشن متاثر ہونے کا خدشہ ہو تو ملاقات بعد میں بھی کی جا سکتی ہے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کے دوران مذاکرات کی دعوت دی تھی، جس پر اپوزیشن میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کو غیر مشروط طور پر قبول کیا جائے۔