پاکستان کا المیہ ہے یہاں سزا جزا نہیں، 9 مئی میں وزیراعلیٰ کا نام ہے تو حکومت ایکشن لے، گورنر کے پی

نہیں سمجھتا ہوں بچی نے جو سوال کیا وہ غلط ہے، اگر 13 سال کا بتا دیتے تو اچھا ہوتا کہ کیا کیا ہوا ہے۔


ویب ڈیسک February 05, 2026

 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ یکجہتی کشمیر ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکۂ حق میں ہم نے ہندوستان کو چار دن میں شکست دی۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، کشمیریوں پر ناروا ظلم ہوتا ہے، ہندوستان کے پاس کچھ نہیں صرف کشمیریوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا ہر بچہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے اور وفاق کے درمیان دو اہم میٹنگز ہوئیں، کچھ برف پگھلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی میٹنگ امن خوشحالی کے لیے ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپکس کمیٹی کی اہم میٹنگ ہوئی ہے، خبریں آپ نے دینی ہیں وہاں کیا ہوا، آج انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اس حوالے سے تصویر اور خبر جاری کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ یہاں سزا جزا نہیں، اگر نو مئی میں وزیراعلیٰ کا نام ہے تو حکومت ایکشن لے۔ اگر ثبوت ہیں تو عدالتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا ہوں بچی نے جو سوال کیا وہ غلط ہے، اگر 13 سال کا بتا دیتے تو اچھا ہوتا کہ کیا کیا ہوا ہے۔

گورنر نے کہا کہ بسنت کی دعوت نہیں دی جاتی، لوگ خود میلے میں جاتے ہیں۔ 8 فروری کو پنجاب بسنت منا رہا ہے، اپنے صوبے میں کس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی بسنت کی طرح ایونٹس کرنے چاہئیں۔ قیدی کو نہ چھوڑا سکی تو دکانیں اور روڈ بند کرنے کا کیا فائدہ ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 28ویں ترمیم کوئی گولا نہیں جو گرے گا، جب ڈرافٹ بنے گا تو ترمیم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ایک میلہ کریں گے، اس سے اچھا پیغام جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا صوبائی حکومت کہتی ہے دہشتگردوں سے بات کریں، میں کہتا ہوں حکومت والے اپنے ہیں ان سے بات کرتے، اچھا ہوا وزیراعظم سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق تیراہ کے معاملے سے بری الذمہ نہیں، اس کی بھی ذمہ داری ہے۔

گندم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتا وزیراعلیٰ نے بات کی ہے یا نہیں، اگر بات نہیں کی تو میں آج خود وزیراعظم سے بات کروں گا۔

مقبول خبریں