مذہبی منافرت کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کی مذمتی قرارداد متفقہ منظور

قرارداد میں تمام ممالک سے انسانی حقوق کے احترام اور تشدد سے پاک ماحول کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 12, 2017
قرارداد سے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کو تقویت ملے گی، پاکستان فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مذہبی منافرت کیخلاف پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان اور فلپائن کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد میں تمام ممالک سے بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق کے احترام، برداشت، مذاکرات و تعاون کے ذریعے تشدد سے پاک ماحول کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امتیازی سلوک کا باعث بننے والی مذہبی منافرت کی بھی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں عالمی امن و ترقی اور سماجی ہم آہنگی کیلئے بین المذاہب مکالمے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ قرارداد کی متفقہ منظوری سے پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف کوششوں کو تقویت ملے گی اور یہ قرارداد دنیا میں امن و استحکام کی عالمی کوششوں کی حمایت کا اظہار ہے۔