سردی کی شدت برقرار درجہ حرارت 105 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا

اتوار تک جاری رہنے والی سردی کی لہر کے دوران درجہ حرارت 8ڈگری تک گر سکتا ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی


Staff Reporter December 16, 2017
اتوار کی شام سے ہواؤں کی رفتار اور سردموسم میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: آئی این پی

سمندری ہواؤں پر غالب آنے والی شمالی سمت سے چلنے والی سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی موجودہ لہر اگلے چند روز کے دوران جاتے جاتے مزید سردی کا احساس دلا کر جائے گی تاہم جنوب مغربی سمت سے چلنے والی سمندری ہوائیں مسلسل ساکت ہیں اور مخالف سمت سے غالب آنیوالی شمال مغربی ہوائیں سردی کی شد ت میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

دنیا کے سرد ترین مقام سے میلوں کا سفر کرکے آنے والی ان مہمان ہواؤں نے چندرو ز کے دوران شہریوں کی قلفی جما دی ہے، جمعے کو بھی شہر میں نہ صرف صبح اور رات کے اوقات بلکہ دن بھر ہلکی ہلکی دھوپ میں شمالی سرد ہوائیں اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہی اور اسی وجہ سے مکمل دن طلوع ہونے کے بعد بھی خنک ہوائیں چلتی رہیں جب کہ صبح کے اوقات میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت کئی ڈگری کمی سے10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ہوا میں نمی کاتناسب معمول سے زیادہ 65فیصد رہا، ہوا میں غیر معمولی تناسب کے باوجود حد نگاہ متاثر نہیں ہوئی جب کہ محکمہ موسمیات نے یہ پیش گوئی بھی کی ہے کہ اتوار تک جاری رہنے والی سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت 8ڈگری تک گر سکتاہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جمعے کو دن بھر سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی سمت کی ہوائیں غالب آنے کی وجہ سے سمندری ہوائیں، گزشتہ کئی روز سے مکمل طورپر بند ہیں اور ماہ دسمبر کے دوران سمندری ہوائیں کچھ وقت کیلیے جذوی طورپر بحال ہوں گی تاہم آج بھی شہر میں گذشتہ روز جیسی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے اور صبح کم سے کم درجہ حرارت 10سے 12ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جب کہ شمال مشرقی سمت سے تیز ہوائیں بھی برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی شام سے ہواؤں کی رفتار اور سردموسم میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگی۔