لاہور ہائی کورٹ کا پیمرا کو ساحر لودھی کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم

ویب ڈیسک  منگل 23 جنوری 2018
درخواستگزار کو سن کر قانون کے مطابق شکایت کا ازالہ کریں، عدالت کا تحریری فیصلہ؛ فوٹوسوشل میڈیا

درخواستگزار کو سن کر قانون کے مطابق شکایت کا ازالہ کریں، عدالت کا تحریری فیصلہ؛ فوٹوسوشل میڈیا

لاہور: ہائی کورٹ نے ساحر لودھی کے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو بھجوا دی اور  قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے مارننگ شوز میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے پر پابندی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے پیمرا کو بھجوادی اور تحریری  فیصلہ جاری کرتے ہوئے نگراں ادارے کو حکم دیا کہ درخواست گزار کو سن کر قانون کے مطابق شکایت کا ازالہ کیا جائے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ساحر لودھی قانونی چکر میں پھنس گئے

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں معروف میزبان و اداکار ساحر لودھی کے مارننگ شو پر پابندی کے لیے دائر درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا تھا۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، ساحر لودھی اور دیگرکو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواستگزار کا کہنا تھا کہ ساحر لودھی کے پروگرام میں کم عمر بچیوں کے ناچ گانے کے مقابلے دکھائے جاتے ہیں، کم عمر بچیوں کا رقص نشر کرنے سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہورہا ہے جس سے قصور جیسے واقعات جنم لے رہے ہیں۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیمرا ایسے پروگراموں کی نشریات کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کررہا، عدالت پیمرا کو ساحرلودھی کے پروگرام میں کم عمر لڑکیوں کے ناچ گانے نشر کرنے پر پابندی کا حکم دے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ساحرلودھی کومعافی مانگنے کا حکم

واضح رہے کہ نامور میزبان و اداکار ساحر لودھی گزشتہ کچھ عرصے سے مارننگ شو میں کم عمر بچیوں سے  ناچ گانا کروانے کے حوالے سے شدید تنقید کا شکار ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے ساحر لودھی اور ان کے شو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاشو معاشرے میں بے راہ روی پھیلانے کا باعث بن رہا ہے، لہٰذا ان کے شو کو بند کیا جانا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔