ساحرلودھی کو قائد اعظم سے متعلق غیرمحتاط گفتگو کرنے پرمعافی مانگنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جون 2017
ساحرلودھی نے پروگرام میں شریک لڑکی کو دوران تقریرروک کرتنقید کا نشانہ بنایا تھا؛فائل فوٹو

ساحرلودھی نے پروگرام میں شریک لڑکی کو دوران تقریرروک کرتنقید کا نشانہ بنایا تھا؛فائل فوٹو

کراچی: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی ٹی وی چینل کے میزبان ساحر لودھی کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی کے بارے میں غیر محتاط گفتگو کرنے پر معافی مانگنے کا حکم دے دیا۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن ’’عشق رمضان‘‘ میں اینکر ساحر لودھی کی جانب سے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے بارے میں غیر محتاط گفتگو پر چینل انتظامیہ اور پروگرام کے اینکر ساحر لودھی کو مورخہ 24 جون 2017 بروز ہفتہ ناظرین سے معذرت کی ہدایت کی ہے۔

چینل انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا جائے کہ یہ معذرت  پیمرا کے حکم کی تعمیل میں کی جارہی ہے، مزید برآں ساحر لودھی کی طرف سے معذرت خواہانہ الفاظ کی ادائیگی کے دوران معذرت پر مبنی تحریر بھی اسکرین پر دکھائی جائے گی، نجی چینل پر مذکورہ پروگرام نشر ہونے کے بعد پیمرا نے نجی چینل کی انتظامیہ کو 31 مئی 2017 کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کیا تھا اور 5 جون 2017 کو تحریری جواب داخل کروانے کے علاوہ نمائندے کے ذریعے ذاتی شنوائی کے لیے بھی طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے نامور اداکاراورمیزبان ساحرلودھی نے نجی چینل سے نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمیشن کے دوران طالبہ کو تقریر کےدوران درمیان سے روک کر نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا تھا بلکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے بارے میں انتہائی نامناسب اور غیر محتاط گفتگو بھی کی تھی، ان کے اس عمل نے تمام لوگوں کو سخت مشتعل کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔