انڈونیشیا میں پھانسی کی سزا پانے والا بے گناہ پاکستانی شہری کینسر کا شکار

ویب ڈیسک  منگل 23 جنوری 2018

جکارتہ: انڈونیشیا میں پھانسی کی سزا پانے والا بے گناہ پاکستانی ذوالفقار کینسر کا شکار ہوگیا ہے جب کہ ڈاکٹروں کے مطابق ذوالفقار کے پاس صرف 3 ماہ زندہ رہنے کی امید ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انڈونیشیا میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں ناحق سزائے موت پانے والا پاکستانی شہری ذوالفقار علی کینسر کے مرض کا شکار ہوگیا ہے، انڈونیشیا کی جیل میں قید ذوالفقارعلی کو جگر کا کینسر تشخیص ہوا ہے جب کہ ڈاکٹروں کے مطابق ذوالفقار کے پاس صرف 3 ماہ زندہ رہنے کی امید ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : انڈونیشیا میں قید بے گناہ پاکستانی شہری کی سزائے موت کی تیاری مکمل

54 سالہ ذوالفقارعلی کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ 2000 میں کام کے لیے انڈونیشیا گیا تھا جہاں 2016 میں 5 بچوں کے باپ ذوالفقار علی کو منشیات کے جھوٹے کیس میں موت کی سزاسنائی گئی۔ ذوالفقارعلی نے پاکستان کے اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے اور معاملہ اٹھانے پر ایکسپریس نیوز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب انڈونیشیا کے صدر 26 جنوری کو پاکستان آرہے ہیں اور پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے تاہم امید ہے کہ حکومت ذوالفقار علی کا معاملہ انڈونیشین صدر کے سامنے اٹھائی گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستانی شہری ذوالفقارعلی کی رہائی کیلئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مہم

واضح رہے کہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں پاکستانی شہری ذوالفقار علی کو سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم میڈیا پر مہم کے بعد حکومت پاکستان کی مداخلت پر ذوالفقار کی سزا پرعملدرآمد روک دیاگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔