مقبول بٹ شہید کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال

ویب ڈیسک  اتوار 11 فروری 2018
خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے پابندیاں لگاکر پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ۔ فوٹو: فائل

خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے پابندیاں لگاکر پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ۔ فوٹو: فائل

 سری نگر: ممتاز کشمیری رہنما مقبول بٹ کی 34 ویں برسی پر وادی میں شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جب کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے پابندیاں لگا کر پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہید کشمیری لیڈر مقبول بٹ کی برسی پر وادی میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کی گئی۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دکانیں بند رہیں جب کہ مظاہروں سے خوفزدہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے شہریوں کی نقل و حمل پر پابندیاں لگاکر اور انٹرنیٹ سروس بند کرکے پوری وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں افضل گرو کی برسی پر ہڑتال

ادھر جموں شہر کے مضافات میں قائم بھارتی فوجی چھاؤنی ’سنجوان‘ پر حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی جب کہ متعدد زخمی ہیں۔ گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں جموں شہر کے مضافات میں قائم بھارتی فوجی چھاؤنی ’سنجوان‘ پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا۔ بھارتی فوجی حکام کے مطابق فوجی کیمپ پر حملے کے بعد آپریشن مکمل ہوگیا ہے اور 5 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 9 اہلکار زخمی بھی ہیں۔ فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 4 حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا ہے جب کہ ایک شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی چھاؤنی پر حملہ

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔