سپریم کورٹ کا فیصلہ تعصب پر مبنی ہے، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 21 فروری 2018
عدالتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کا فیصلہ نوازشریف کریں گے،مریم اورنگزیب، فوٹو:فائل

عدالتی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کا فیصلہ نوازشریف کریں گے،مریم اورنگزیب، فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 سے متعلق عدالتی فیصلہ تعصب پر مبنی ہے جس میں ایک ہی شخص کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ 

الیکشن ایکٹ 2017 سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاناما فیصلے کے بعد ایسے ہی فیصلوں کی توقعات تھیں کیونکہ پاناما میں صرف ایک شخص اور ایک خاندان کو نشانہ بنایا گیا اور اب بھی بنایا جارہا ہے، عدالتی فیصلہ تعصب پر مبنی ہے، اس سے مسلم لیگ (ن) اور نوازشریف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نواز شریف پارٹی صدارت سے بھی نااہل

مریم اورنگزیب نے کہا کہ (ن) لیگ ملک کی سب سے بڑی اور مضبوط پارٹی ہے،عدالتی فیصلوں سے پارٹی میں کوئی دراڑیں نہیں پڑیں،ہمارے خلاف فیصلے آنے کے باوجود کوئی لیگی رہنما پارٹی چھوڑ کر نہیں گیا جو لوگ پہلے نوازشریف کی صف میں کھڑے تھے وہ آج بھی موجود ہیں، پارٹی کے فیصلے پہلے بھی نوازشریف کرتے تھے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے ،نوازشریف جس پر ہاتھ رکھیں گے وہی وزیراعظم بنے گا۔

وزیرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ مسلم  لیگ (ن) کی ترجیح تھی کہ سینیٹ الیکشن بروقت ہوں مگر عدالتی فیصلے کے بعد تاخیر ہوئی تو یہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔