گرمی کی لہر برقرار شہر کا درجہ حرارت 415 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

جمعرات کی شام شہر میں حبس کی سی کیفیت رہی، آج سے گرمی میں معمولی کمی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


Staff Reporter March 30, 2018
باسی کھانا کھانے اور ٹھیلوں پر فروخت ہونے والے مشروبات سے اجتناب کیا جائے، ماہرین صحت۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: شہر میں گرمی کی لہر جمعرات کو بھی برقرا رہی اور درجہ حرارت41.5ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا جب کہ شام میں شہر میں حبس کی سی کیفیت رہی۔

جمعرات کو شہر میں گرمی برقرار رہی اور درجہ حرارت پارہ 41.5ڈگری کو چھوگیا، آج درجہ حرارت میں ایک سے2 ڈگری کمی کا امکان ہے تاہم موسم گرم اور خشک رہے گا۔



محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ حسب معمول ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ کر 76 فیصد رہا ،شمال مغربی سمت کی گرم اور خشک اور رفتار کے اعتبار سے انتہائی کم 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں دن کے بیشتر وقت چلتی رہی جس کی وجہ سے گرمی کا راج رہا اور شام کے اوقات میں سمندر کی جنوب مغرب 28 کلو میٹر کی ہوائیں چلنے کے باوجود حبس کی کیفیت رہی۔



محکمہ موسمیات کے مطابق آج( جمعے ) کو شہر کے درجہ حرارت میں معمولی کمی کا امکان ہے تاہم اگلے 24گھنٹوں کے دوران موجودہ گرمی کی لہر میں نمایاں کمی کا امکان ہے ،گرمی کا موجودہ زور ٹوٹنے کے بعد چند روز تک موسم معتدل رہ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید دھوپ اور سخت گرمی میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہیں نکلیں اور شدید گرمی میں بچوں کو بھی باہر نہ نکلنے دیں، گرمی میں جسم سے پسینے خارج ہونے سے جسم کے نمکیات بھی ضائع ہوتے رہتے ہیں۔ جس کی وجہ سے نقاہت، کمزوری، سردرد، چکر آنا اور قے بھی محسوس ہونے لگتی ہے، یہ علامات ظاہر ہوتے ہی متاثرہ افراد کو ٹھنڈی جگہ منتقل کریں اور اسے فوری طور پر جوس اور پانی پلاتے رہیں، گرم موسم میں پانی کے کم استعمال سے ہیٹ اسٹروک بھی ہوسکتا ہے،



ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں باسی کھانا کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے اور بازاروں میں ٹھیلوں پر فروخت کیے جانے والے غیر معیاری شربت کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہیے، شہری اس موسم میں ہلکے کھانے کھائیں، سبزی ، لیمن اور دہی کا ستعمال مفید ہوتا ہے، ماہرن کا کہنا ہے کہ بچوں کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے دیں، سر کوڈھانپ کر باہر نکلا جائے، پسینے خارج ہونے کی صورت میں پانی کا مسلسل استعمال رکھیں۔

مقبول خبریں