سلمان خان کو جیل بھیجنے والے جج کا تبادلہ کردیا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 اپريل 2018
جج رویندرا کمارجوشی نےسلمان خان کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کیا تھا؛ فوٹوفائل

جج رویندرا کمارجوشی نےسلمان خان کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کیا تھا؛ فوٹوفائل

جودھپور: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو جیل بھیجنے والے جج دیوکمارکھتری اوران کی ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرنےوالے جج رویندرا کمار جوشی کا تبادلہ کردیاگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روزبالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کرنے والے جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار جوشی کا اچانک تبادلہ کردیا گیا۔ جج رویندرا کمار جوشی کو اداکار سلمان خان کی ضمانت کی درخواست سننے کیلئے مقرر کیاگیا تھا، تاہم ان کا تبادلہ راجستھان ہائیکورٹ کی طرف سے کیاگیا ہے اور ان کے ساتھ مزید 87 ڈسٹرکٹ ججوں کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کو 5 سال قید

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کو دوروز قبل نایاب کالے ہرن کے شکار کے کیس میں مجسٹریٹ عدالت کے جج دیوکمارکھتری نے سزا سنائی تھی جب کہ جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار جوشی نے گزشتہ روز سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ایک دن کیلئے ملتوی کردی تھی۔

آج ایک بار پھر سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہونی تھی اور جج رویندرا کمار جوشی کو ضمانت کی درخواست سننے کیلئے مقرر کیاگیا تھا، تاہم سماعت سے قبل ہی اچانک راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے رویندراکمار جوشی اور دیو کمار کھتری سمیت مزید 87 ڈسٹرکٹ ججوں کا تبادلہ کردیا گیا۔ جوشی کاتبادلہ سروہی کیا گیا ہے اور ان کی جگہ چندر شیکھر شرما کو جودھ پور بھیجا جارہاہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رات سے بھوکے سلو میاں نے ناشتہ بھی نہ کیا

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو دوروز قبل 19 سال پرانے نایاب کالے ہرن شکار کے کیس میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی مقامی عدالت نے قصوروارٹہراتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔