قومی سلامتی کمیٹی کی کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔


ویب ڈیسک May 03, 2018
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا،فوٹو:فائل

KARACHI: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کابل میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل ، چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان، ڈی جی آئی ایس آئی اور مشیر قومی سلامتی نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی نے دہشتگردی سے متعلق افغانستان کے الزامات مسترد کردیے

اجلاس میں ملک کی اندورنی اور بیرونی سیکیورٹی ، سرحدوں کی سلامتی اور داخلی امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم اور کابل میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی مذمت اور ان میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا جب کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔