امریکی شاہراہ پر سیکیورٹی وین سے 6 لاکھ ڈالر بکھرگئے

 پير 7 مئ 2018
امریکی ریاست انڈیانا پولس کی شاہراہ پر وین سے 6 کروڑ روپے اڑ کر ہوا میں بکھر گئے۔ فوٹو: ٹورانٹو سن

امریکی ریاست انڈیانا پولس کی شاہراہ پر وین سے 6 کروڑ روپے اڑ کر ہوا میں بکھر گئے۔ فوٹو: ٹورانٹو سن

انڈیاناپولس: امریکہ میں ایک سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی کا مقفل دروازہ اس وقت کھل گیا جب وہ تیزی سے شاہراہ پر دوڑتی جارہی تھی۔ اس کے بعد وین سے لگ بھگ 6 لاکھ ڈالر کے نوٹ اڑ کر سڑک پر بکھرگئے اور لوگوں نے انہیں اٹھانے کی کوشش بھی کی۔

پاکستانی 6 کروڑ روپے کے برابر رقم ایل 70 سیم جونز ایکسپریس وے پر بکھر گئی۔ سیکیورٹی وین کا عملہ اترا تو اس کے کچھ دیر بعد پولیس وہاں آپہنچی اور لوگوں کو خبردار کیا کہ رقم اٹھانے والوں پر فوری چوری کا مقدمہ کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تاہم بہت سے لوگوں نے یہ رقم اٹھائی۔

پولیس نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ رقم اٹھانے والے فوری طور پر پولیس اسٹیشن پہنچ کر رقم واپس کردیں۔ ریاست کے پولیس سارجنٹ جان پیرائن نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ گاڑی میں کتنی رقم موجود تھی جو صبح نو بجے کے قریب دروازہ کھلنے سے شاہراہ پر بکھر گئی تھی۔

لوگوں نے نہ صرف اپنی جیبیں ڈالروں سے بھریں بلکہ انہوں نے اس کی تصاویر بھی ٹویٹر پر شیئر کی ہیں۔ پولیس افسران نے شاہراہ پر اس وقت تک ٹریفک روکے رکھا جب تک سڑک پر بکھری رقم جمع نہیں کرلی گئی۔ اس کے بعد پولیس نے رابطے کے نمبر دے کر عوام سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ رقم واپس کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔