سب جانتے ہیں کشمیرمیں کیاہورہاہے لیکن کوئی دیکھنا نہیں چاہتا سونیا حسین معمررانا

جب لوگ عید پر پیسے خرچ کرکے سینماآتے ہیں تو انہیں تفریح چاہیئے ہوتی ہے اور فلم’آزادی‘انہیں تفریح فراہم کرے گی، سونیا


ویب ڈیسک May 27, 2018
میرے23 سال کے کیریئر میں یہ سب سے مشکل کردار ثابت ہواہے، معمر رانا فوٹو:انٹرنیٹ

ABBOTTABAD: نامور پاکستانی اداکار معمر رانا اوراداکارہ سونیا حسین کا اپنی آنے والی فلم 'آزادی'کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہرکوئی جانتا ہے کشمیر میں کیاہورہا ہے لیکن کوئی بھی اسے تھیٹر میں جاکر دیکھنا نہیں چاہتا۔

اس عید الفطر پاکستانی سینماؤں میں تین بڑی فلموں کے درمیان ٹاکرا ہوگاجن میں سے ایک ماہرہ خان اورشہریار منور کی 'سات دن محبت ان'، دوسری جاوید شیخ اور دانش تیمور کی'وجود'اور تیسری اداکار معمر رانااور سونیا حسین کی کشمیر کی جدوجہد آزادی پر مشتمل فلم'آزادی'ہے۔ تینوں بڑی کاسٹ اور بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں جن کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے ہیں۔



اس خبرکوبھی پڑھیں: معمر رانا کی ''آزادی'' کے ساتھ دھماکے دار واپسی

'سات دن محبت ان' اور'وجود' دیگر کمرشل فلموں کی طرح مصالحہ فلمیں ہیں جب کہ فلم'آزادی'اپنے موضوع کے اعتبار سے منفرد ہے۔فلم کی کہانی کشمیر کی جدوجہدآزادی کے گرد گھومتی ہے جس میں اداکار معمر رانا کشمیری مجاہد(آزاد)کامرکزی کردار اداکررہے ہیں۔ فلم کے حوالے سے معمر رانا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے فلم کی کہانی صرف کشمیر کی جدوجہد آزادی کے گرد گھومتی ہے لیکن فلم میں ایکشن کے ساتھ رومینس بھی ہے۔ معمر رانا نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے کہا کہ یہ ان کے 23 سال کے کیریئر میں سب سے مشکل کردارثابت ہواہے، میں نے 'آزاد'کی طرح نظر آنے کے لیے بہت زیادہ محنت کی ہے، آزاد کبھی مسکراتا نہیں ہے اورہمیشہ اپنے ہدف پر نظر رکھتاہے ، میں نے اپنی آواز میں بھی تبدیلی کی ہےتاکہ یہ آزادکی آواز کی طرح بھاری محسوس ہو۔



معمر رانا نے مزید کہا کہ وہ اپنے کردار میں اس قدر ڈھل گئے ہیں کہ ان کی شخصیت ہی تبدیل ہوکر رہ گئی ہے، شوٹنگ کے دوران میرے گھر والوں نے اکثر مجھ سے کہا 'تم معمر رانا نہیں ، آزاد ہو' یہاں تک کہ میری بیٹی نے بھی یہی بات کہی۔

معمر رانا کا کہنا تھا کہ ان دنوں پاکستان میں زیادہ تر کامیڈی فلمیں سامنے آرہی ہیں لیکن میں نے نوٹس کیا ہے کہ لوگ ایکشن فلمیں بھی دیکھنا پسند کرتے ہیں اور 'آزادی'میں بھرپور ایکشن ہے۔تاہم فلم میں ایکشن کے ساتھ رومینس بھی ہے لہٰذا اسے مکمل طور پر ایکشن فلم نہیں کہاجاسکتا۔ معمر رانا نے کہا پاکستان میں ابھی تک کشمیر کے موضوع پر کوئی فلم نہیں بنی ہے، ہم سب دیکھتےاور محسوس کرتے ہیں کہ کشمیر میں کیاہورہا ہے۔



فلم کی مرکزی اداکارہ سونیا حسین کی یہ دوسری فلم ہے اس سے قبل وہ پاکستانی فلم'مور'میں نظر آئی تھیں، سونیا فلم میں صحافی (زارا)کا کردار ادا کررہی ہیں جو پلی بڑھی تو لندن میں ہے لیکن اس کا آبائی تعلق کشمیر سے ہے۔ سونیا حسین نے فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا فلم 'آزادی'میں ایکشن کے علاوہ گانے، رومینس، ایڈونچر کے ساتھ وہ سب کچھ ہے جو ایک کامیاب فلم کے لیے ضروری ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں جب لوگ عید پر پیسے خرچ کرکے سینماآتے ہیں تو انہیں تفریح چاہیئے ہوتی ہے اور فلم'آزادی'انہیں تفریح فراہم کرے گی۔



سونیا حسین نے مزید کہاہرکوئی جانتا ہے کہ کشمیر میں کیاہورہا ہےلیکن کوئی بھی تھیٹر میں جاکر اسے دیکھنا نہیں چاہتا۔ اگر لوگ یہ سوچیں گے کہ فلم صرف جدوجہد آزادی کے گرد گھومتی ہے تو بہت کم لوگ فلم دیکھنے جائیں گے، لہٰذا آپ اپنا پیغام تفریح کے طور پر لوگوں تک پہنچائیں۔

اداکار معمر رانا اورسونیا حسین کے ساتھ فلم کی دیگر کاسٹ میں اداکار ندیم بیگ شامل ہیں۔ عمران ملک کی زیر ہدایت بننے والی فلم'آزادی'عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائےگی۔